لداخ، 21 نومبر: لداخ پولیس نے جمعہ کی رات ماحولیاتی کارکن سونم وانگچک کے خلاف لیہہ میں عائد امتناعی حکم پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے کیے گئے حفاظتی انتظامات واپس لے لیے ۔ پولیس نے یہ بھی واضح کیا کہ وانگچک کو نظر بند نہیں کیا گیا تھا۔لیہہ ضلع پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ سونم وانگچک کی نقل و حرکت سے متعلق پابندی کے حکم پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے ان کے گھر کے باہر تعینات کیے گئے پولیس انتظامات واپس لے لیے گئے ہیں۔ پولیس نے واضح کیا کہ اے ڈی ایم لیہہ نے سونم وانگچک کے خلاف امتناعی حکم جاری کیا تھا، تاہم انہیں گھر میں نظر بند نہیں کیا گیا۔
یہ وضاحت وانگچک کی جانب سے کیے گئے ان دعوؤں کے بعد سامنے آئی جن میں انہوں نے الزام عائد کیا تھا کہ احتجاجی مقام سے ہٹائے جانے اور 11 نومبر کو گھر پہنچائے جانے کے بعد ان کی رہائش گاہ کے باہر سیکورٹی اہلکار تعینات کر دیے گئے، جس کے باعث ان کی نقل و حرکت محدود ہو گئی۔ لیہہ اپیکس باڈی کے اہم رکن وانگچک نے دعویٰ کیا تھا کہ ان کی رہائش گاہ کے باہر تقریباً 20 سے 25 پولیس اور نیم فوجی اہلکار تعینات کیے گئے تھے۔ ایک ویڈیو پیغام میں، جسے انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس اور فیس بک پر شیئر کیا، وانگچک نے الزام لگایا کہ ان کے گھر کے باہر سیکورٹی اہلکاروں کے ساتھ گاڑیاں اور خیمے بھی نصب کیے گئے ہیں جبکہ مسلح اہلکار مختلف اطراف میں تعینات تھے۔
وانگچک نے کہا کہ وہ اپنی نقل و حرکت پر عائد پابندیوں کو مناسب قانونی فورمزکے سامنے چیلنج کریں گے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کسی شخص کو باقاعدہ گرفتار کیے بغیر پرامن احتجاج میں شرکت سے کس طرح روکا جا سکتا ہے۔وانگچک کے مطابق یہ پابندیاں اس وقت عائد کی گئیں جب وہ اور دیگر کارکنان، جن میں ایل اے بی اور کرگل ڈیموکریٹک الائنس کے ڈی اے کے رہنما بھی شامل تھے، لداخ سے متعلق مختلف مطالبات پر دھرنا دینے کی تیاری کر رہے تھے۔ مجوزہ احتجاج کا تعلق خود مختار ہل ڈیولپمنٹ کونسلز کے آئندہ انتخابات کے وقت سے متعلق خدشات سے بھی بتایا گیا ہے، جو 4 دسمبر کو مقرر ہیں۔





