ہفتہ, نومبر 21, 2026
15.7 C
Srinagar

این سی بی نے دہلی سے کشمیر تک پھیلے منشیات سپلائی نیٹ ورک کا پردہ فاش کیا، چار افراد گرفتار

جموں، 21 نومبر: نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کے جموں زونل یونٹ نے دہلی زونل یونٹ کے اشتراک سے ایک بین ریاستی منشیات سپلائی نیٹ ورک کا پردہ فاش کرتے ہوئے اب تک چارافراد کوگرفتارکیا ہے۔ تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا ہے کہ دہلی سے کشمیر وادی تک ادویات کی آڑمیں منشیات کی سپلائی کی جا رہی تھی۔ این سی بی کے ترجمان کے مطابق کارروائی کا بنیادی مقصد کوڈین پرمبنی کھانسی کے شربت کی قانونی ادویات کی سپلائی چین سے غیر قانونی منتقلی کا سراغ لگانا اور اس نیٹ ورک کو ختم کرنا تھا، جس کے ذریعے یہ ادویات غیرقانونی طورپراستعمال اور تقسیم کی جا رہی تھیں۔

مخصوص خفیہ اطلاع کی بنیاد پراین سی بی جموں کی ٹیم نے 16 نومبر کی علی الصبح ضلع ادھم پور کے چنینی علاقے میں مڈا ٹول پلازہ کے قریب سرینگر جانے والی ایک مسافربس کو روک کر تلاشی لی۔ اس دوران ضلع ڈوڈہ کے بھدرواہ علاقے سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کے قبضے سے تقریباً 7 کلو گرام کوڈین پر مبنی کھانسی کا شربت برآمد کیا گیا۔ اس سلسلے میں این ڈی پی ایس ایکٹ 1985 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔ترجمان نے بتایا کہ مزید تحقیقات کے دوران کشمیر وادی میں کارروائی کرتے ہوئے اس نیٹ ورک کے مبینہ مرکزی وصول کنندہ کو حراست میں لیا گیا، جو ضلع اننت ناگ کا رہائشی ہے۔ اس کے بعد سپلائی کے ذرائع کا سراغ لگاتے ہوئے این سی بی جموں اور این سی بی دہلی کی مشترکہ ٹیموں نے دہلی میں کارروائی کی اور 18 نومبر کو 356 بوتلیں کوڈین پر مبنی کھانسی کا شربت برآمد کیا۔

تحقیقات کو آگے بڑھاتے ہوئے دہلی کے شاہدرہ علاقے میں کرائے کی عمارت میں قائم ایک خفیہ گودام کا بھی پتہ لگایا گیا۔ 18 اور 19 نومبر کو اس مقام پر تلاشی کے دوران پانچ لاکھ سے زائد گولیاں، کیپسول اور مختلف اقسام کی ادویات برآمد کی گئیں۔ ان میں ٹراماڈول ہائیڈروکلورائیڈ، الپرازولام، نائٹرازیپام اور کوڈین پر مشتمل شامل ہیں۔

این سی بی کے ترجمان کے مطابق منشیات کی روک تھام سے متعلق حکمت عملی کے تحت ضبط کیے گئے کوڈین شربت کی سپلائی چین کا تفصیلی سراغ لگایا جا رہا ہے، تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ قانونی سپلائی کے نظام سے ان ادویات کو کس مقام پر اور کن ذرائع سے غیر قانونی کاروبار میں منتقل کیا گیا۔ اس کے علاوہ منشیات فراہم کرنے والے ابتدائی ذرائع، آگے تقسیم کرنے والے افراد اور اس غیر قانونی نیٹ ورک کو مالی معاونت فراہم کرنے والے عناصر کی بھی تحقیقات جاری ہیں۔

ترجمان نے مزید کہا کہ کارروائی کا مقصد منشیات کی سپلائی کو ابتدائی مرحلے پر ہی روکنا اور اس غیر قانونی کاروبار سے وابستہ تقسیم و مالی معاونت کے پورے نظام کو ختم کرنا ہے۔این سی بی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ منشیات کی اسمگلنگ اور ادویات کی غیر قانونی منتقلی سے متعلق مستند معلومات قومی نارکوٹکس ہیلپ لائن مانس 1933 پر خفیہ طور پر فراہم کریں، تاکہ منشیات سے پاک بھارت مہم کو کامیاب بنانے میں تعاون کیا جا سکے۔

Popular Categories

spot_imgspot_img