دونوں حکومتوں پر نوجوانوں کے مستقبل سے فٹ بال کھیلنے کا الزام، جوابدہی اور ملوث افراد کے خلاف کارروائی کا مطالبہ
سرینگر، 21 نومبر: سابق رکن پارلیمنٹ آغا سید روح اللہ مہدی ہفتہ کے روز سرینگر کے شیرِ کشمیر پارک میں احتجاج کر رہے طلبہ کے ساتھ شامل ہوئے۔ اس موقع پر انہوں نے بھرتی کے عمل میں بدعنوانی کو ’’قتل سے بھی بدتر‘‘ قرار دیتے ہوئے مبینہ بے ضابطگیوں میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔
احتجاجی مقام پر میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے روح اللہ نے واضح کیا کہ وہ طلبہ کی قیادت کرنے نہیں بلکہ ان کے ساتھ احتجاج میں شامل ہونے آئے ہیں۔انہوں نے کہا، ’’طلبہ میرے ساتھ شامل نہیں ہو رہے ہیں بلکہ میں طلبہ کے ساتھ شامل ہو رہا ہوں۔ میں اس احتجاج کی قیادت نہیں کر رہا ہوں۔‘‘
دونوں حکومتوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے روح اللہ نے الزام لگایا کہ وہ ایک دوسرے پر ذمہ داری ڈال رہی ہیں، جبکہ بے روزگار نوجوانوں کا مستقبل غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہے۔
انہوں نے کہا، ’’دونوں انتظامیہ نے ہمیں الجھن میں ڈال دیا ہے۔ انہوں نے ہمارے بچوں کے مستقبل کو فٹ بال بنا دیا ہے اور ایک دوسرے کے ساتھ فٹ بال کھیل رہے ہیں۔‘‘
بھرتی کے عمل میں بے ضابطگیوں کو اہل امیدواروں کے ساتھ سنگین ناانصافی قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرٹ کی بنیاد پر مواقع نہ ملنے سے نوجوانوں کے مستقبل تباہ ہو رہے ہیں اور ان کی برسوں کی محنت ضائع ہو رہی ہے۔
روح اللہ نے کہا، ’’جو لوگ اس کے ذمہ دار ہیں، ان کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہیے اور ذمہ داروں کے سر قلم ہونے چاہئیں۔‘‘
انہوں نے مزید الزام لگایا کہ گزشتہ پانچ سے آٹھ برسوں کے دوران ایک ایسا نیٹ ورک وجود میں آیا ہے جو سمجھوتوں کے ذریعے مخصوص افراد کو فائدہ پہنچانے کا کام کر رہا ہے۔ ان کا دعویٰ تھا کہ یہ بے ضابطگیاں اتفاقی نہیں بلکہ جان بوجھ کر کی گئی ہیں۔
روح اللہ نے حکام پر زور دیا کہ وہ احتجاج کرنے والے طلبہ کے ساتھ براہِ راست بات چیت کریں اور ان کی شکایات کا ازالہ کریں۔ انہوں نے میڈیا اور سول سوسائٹی سے بھی اپیل کی کہ وہ طلبہ کی آواز کو مزید بلند کریں۔
انہوں نے کہا کہ تمام تر توجہ طلبہ اور ان کے اس مطالبے پر مرکوز رہنی چاہیے کہ بھرتی کا عمل شفاف، منصفانہ اور میرٹ کی بنیاد پر ہونا چاہیے۔
(کے این او)




