جمعہ, نومبر 20, 2026
16.1 C
Srinagar

گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں کے بعد سری نگر کے ریزیڈنٹ ڈاکٹر بھی میدان میں، مشاہرے میں برابری تک احتجاج جاری رکھنے کا اعلان

سری نگر، 20 نومبر:۔ گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں کے ریزیڈنٹ ڈاکٹروں کی طرف سے احتجاج شروع کرنے کے دو روز بعد، گورنمنٹ میڈیکل کالج سری نگر کے پوسٹ گریجویٹ اور سینئر ریزیڈنٹ ڈاکٹروں نے بھی جمعہ کو مشاہرے میں اضافے اور دوسری ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے برابر ماہانہ تنخواہ کے مطالبے پر احتجاج شروع کر دیا۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ مطالبات پورے ہونے تک احتجاج جاری رہے گا۔

احتجاج میں شامل ڈاکٹر لبنیٰ نے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ احتجاجی ڈاکٹر جموں و کشمیر کے تمام میڈیکل کالجوں کے ریزیڈنٹ ڈاکٹروں کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق ڈاکٹر پچھلے سات آٹھ ماہ سے انتظامیہ اور محکمہ صحت سے بات چیت کر رہے ہیں اور اس دوران ضروری دستاویزات بھی جمع کرائی گئی ہیں، لیکن مسئلہ جوں کا توں ہے۔

ڈاکٹر لبنیٰ نے کہا کہ سب سے بڑا مسئلہ ماہانہ تنخواہوں میں پائی جانے والی عدم مساوات ہے۔ انہوں نے بتایا کہ شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (اسکمز) میں ریزیڈنٹ ڈاکٹروں کو ان سے زیادہ مشاہرہ ملتا ہے، جبکہ جموں و کشمیر سے باہر کے مقابلے میں تو یہ رقم بہت ہی کم ہے۔ ان کا کہنا تھا ’’اگر کام برابر ہے تو مشاہرہ بھی برابر ملنا چاہیے۔‘‘ انہوں نے واضح کیا کہ فی الحال وہ دوسری ریاستوں کی بات نہیں کر رہے، بلکہ جموں و کشمیر کے اندر ہی یکساں مشاہرے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

دوسرے مطالبے کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریزیڈنٹ خواتین ڈاکٹروں کو زچگی کے فوائد دیے جائیں، جو ایک بنیادی انسانی حق ہے اور حکومت خود اپنے ملازمین کو یہ حق دے چکی ہے۔ ان کے بقول ڈاکٹروں کے مطالبات جائز اور نہایت سیدھے سادے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ آج احتجاج کا پہلا دن ہے اور اس کا ایک مقصد گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں کے ریزیڈنٹ ڈاکٹروں سے یکجہتی کا اظہار بھی ہے، جو یہی مطالبات لے کر احتجاج کر رہے ہیں۔

گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں میں بدھ کو احتجاج کے پہلے دن آل انڈیا میڈیکل اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن کی چیف ایڈوائزر ڈاکٹر ثناء جاوید نے مشاہرے میں عدم مساوات کا معاملہ اٹھایا تھا۔ یہ ایسوسی ایشن احتجاجی ڈاکٹروں کی حمایت کر رہی ہے۔ ایسوسی ایشن کے مطابق جموں و کشمیر میں پوسٹ گریجویٹ ڈاکٹروں کو پہلے سال 64 ہزار روپے اور بعد کے برسوں میں 67 ہزار روپے ماہانہ ملتے ہیں۔ اس کا کہنا ہے کہ یہ رقم ڈاکٹروں کی ذمہ داریوں، طویل اوقات کار اور مریضوں کی دیکھ بھال میں ان کے کردار کے مقابلے میں ناکافی ہے۔ ایسوسی ایشن نے مدھیہ پردیش اور چھتیس گڑھ کے علاوہ اسکمز سری نگر کے مقابلے میں بھی فرق کی نشاندہی کی ہے۔

ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر محمد مومن خان نے کہا کہ پوسٹ گریجویٹ اور سینئر ریزیڈنٹ ڈاکٹر نظام صحت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں، انہیں عزت، مناسب معاوضہ اور مشاہرے میں برابری ملنی چاہیے اور ان کے دیرینہ مطالبات کو مزید نظرانداز نہیں کیا جانا چاہیے۔ ان کے مطابق سری نگر کے پوسٹ گریجویٹ ڈاکٹروں کا ایک وفد 17 نومبر کو سول سکریٹریٹ میں نئے تعینات شدہ سیکریٹری صحت سے ملا اور فوری مداخلت کی اپیل کی۔ ایسوسی ایشن نے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ اور وزیر صحت و طبی تعلیم سکینہ ایتو سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری مداخلت کرکے ایک ٹھوس سرکاری حکم نامہ جاری کریں۔ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے بھی مداخلت کی اپیل کی گئی ہے۔

ایسوسی ایشن کے مطابق احتجاج 19 سے 22 نومبر تک مرحلہ وار پروگرام کا حصہ ہے، جس کے تحت ڈاکٹر سیاہ پٹیاں باندھ کر پرامن مظاہرے کر رہے ہیں۔ مطالبات حل نہ ہوئے تو 23 نومبر سے او پی ڈی کی معمول کی خدمات معطل ہو سکتی ہیں۔ اس کے بعد کے اقدامات کا فیصلہ متعلقہ ریزیڈنٹ ڈاکٹرز ایسوسی ایشنیں کریں گی۔

Popular Categories

spot_imgspot_img