ایشین میل مانیٹرنگ ڈیسک
نئی دہلی،سرینگر: پاکستان کے وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی رابطہ کاری ڈاکٹر مصداق مسعود ملک تین روزہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) سویلائزیشنل ڈائیلاگ فورم میں شرکت کے لیے ملک کے دارالحکومت نئی دہلی پہنچ گئے، جہاں وہ پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے۔پاکستانی ہائی کمیشن کے مطابق ڈاکٹر مصداق ملک کی نئی دہلی آمد پر پاکستان کے ناظم الامور سعد وڑائچ نے ان کا استقبال کیا۔ ہائی کمیشن کی جانب سے جاری کردہ تصاویر میں وفاقی وزیر کو نئی دہلی آمد کے موقع پر پاکستانی سفارتی حکام کے ہمراہ دیکھا جا سکتا ہے۔یہ فورم 20 سے 22 نومبر2026 تک نئی دہلی میں منعقد ہو رہا ہے، جس میں شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے نمائندے، ماہرین، دانشور، ماہرینِ تعلیم اور ثقافتی شعبوں سے وابستہ شخصیات شرکت کر رہی ہیں۔
پاکستان فورم میں کیا موقف پیش کرے گا؟:پاکستانی دفتر خارجہ کے مطابق ڈاکٹر مصداق مسعود ملک فورم سے خطاب کے دوران تہذیبوں کے درمیان مکالمے کی اہمیت، پاکستان کے سفارتی کردار اور خطے کے مشترکہ ثقافتی و تہذیبی ورثے پر پاکستان کا نقط نظر پیش کریں گے۔پاکستانی وفد فورم کے مختلف موضوعاتی اجلاسوں میں بھی شرکت کرے گا، جبکہ دیگر رکن ممالک کے نمائندوں کے ساتھ سائیڈ لائن ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔اسلام آباد کا موقف ہے کہ پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم کے پلیٹ فارم کے ذریعے باہمی احترام، ثقافتی تبادلوں، علاقائی تعاون اور عوامی سطح پر روابط کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے۔

ایس سی او تہذیبی مکالمہ فورم کا پس منظر:شنگھائی تعاون تنظیم بنیادی طور پر علاقائی تعاون، سلامتی، معیشت، تجارت اور سیاسی روابط کے فروغ کے لیے قائم ایک کثیرملکی تنظیم ہے۔ اس کے رکن ممالک میں پاکستان، بھارت، چین، روس، قازقستان، کرغزستان، تاجکستان، ازبکستان، ایران اور بیلاروس شامل ہیں۔نئی دہلی میں منعقد ہونے والا پہلا ایس سی او سویلائزیشنل ڈائیلاگ فورم تنظیم کے تحت تہذیبی اور ثقافتی روابط کو فروغ دینے کی ایک نئی کوشش ہے۔اس فورم کا بنیادی مقصد رکن ممالک کی مشترکہ تاریخی، تہذیبی اور ثقافتی میراث کو اجاگر کرنا، مختلف معاشروں کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنا اور عوامی سطح پر رابطوں کو مضبوط بنانا ہے۔حکومت ِ ہندکے مطابق اس فورم میں تہذیبی و ثقافتی اظہار، فنونِ لطیفہ، فنِ تعمیر، زبان، ادب اور قدیم مخطوطات جیسے موضوعات پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ فورم کی افتتاحی تقریب20 نومبر کو نئی دہلی کے تاریخی مقام پرانا قلعہ میں منعقد ہو رہی ہے۔اس اقدام کی بنیاد 2025 میں تیانجن، چین میں منعقدہ ایس سی او سربراہی اجلاس کے دوران بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے پیش کی گئی تجویز پر رکھی گئی تھی، جسے بعدازاں بشکیک اعلامیے میں بھی پذیرائی ملی۔
پاکستان اور بھارت کے تعلقات کے تناظر میں اہمیت:ڈاکٹر مصداق ملک کا نئی دہلی کا یہ دورہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدہ تعلقات کے تناظر میں بھی خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق مئی 2023 میں سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے دورئہ بھارت کے بعد یہ کسی پاکستانی وفاقی وزیر کا بھارت کا پہلا دورہ ہے۔ یہ پیش رفت مئی 2025 کی ہند ۔پاک فوجی کشیدگی کے بعد بھی پہلی مرتبہ کسی پاکستانی وفاقی وزیر کی بھارت آمد ہے۔دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات میں تناو¿ کے باوجود ایس سی او جیسے کثیرملکی فورمز مشترکہ علاقائی معاملات پر رابطے اور مکالمے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔یہ امر بھی قابلِ ذکر ہے کہ پاکستان2026-27 کے لیے ایس سی او کونسل آف ہیڈز آف اسٹیٹ کی صدارت کر رہا ہے۔ اس حیثیت میں پاکستان آئندہ سربراہی اجلاس سے قبل مختلف وزارتی، ماہرین کے گروپوں اور دیگر تنظیمی سرگرمیوں کی میزبانی بھی کرے گا۔
علاقائی تعاون کے لیے اہم سفارتی موقع:تجزیہ کاروں کے نزدیک نئی دہلی میں ایس سی او تہذیبی مکالمہ فورم کا انعقاد اس حوالے سے اہم ہے کہ خطے کے ممالک کے درمیان سیاسی اور سفارتی اختلافات کے باوجود ثقافت، تاریخ، تعلیم اور عوامی روابط کے شعبوں میں تعاون کے امکانات موجود ہیں۔پاکستانی وفد کی شرکت سے نہ صرف پاکستان کو اپنی تہذیبی اور ثقافتی شناخت اجاگر کرنے کا موقع ملے گا بلکہ ایس سی او کے رکن ممالک کے ساتھ مکالمے اور تعاون کے فروغ کے لیے بھی ایک سفارتی پلیٹ فارم میسر آئے گا۔تاہم اس فورم کی عملی اہمیت کا اندازہ اس بات سے ہوگا کہ اس میں ہونے والے تبادلہ خیال کو مستقبل میں ثقافتی تعاون، تعلیمی روابط اور علاقائی ہم آہنگی کے ٹھوس اقدامات میں کس حد تک تبدیل کیا جاتا ہے۔
پاکستانی وزیر مصداق ملک کی ایس سی او سویلائزیشنز ڈائیلاگ فورم میں شرکت کے لیے بھارت آمد کو سابق سفارت کار مہیش سچدیوہ نے خوش آئند پیش رفت قرار دیا ہے۔اے این آئی سے گفتگو کرتے ہوئے مہیش سچدیوہ نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) ایک اہم تنظیم ہے اور وزیراعظم نریندر مودی نے خود اس فورم کی تجویز پیش کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں اس تقریب کا انعقاد بھرپور جوش و خروش کے ساتھ کیا جا رہا ہے، جبکہ پاکستان کی نمائندگی وزیر مصداق ملک کر رہے ہیں۔
جموں وکشمیر میں نئی سیاسی گفتگو کا آغاز:جموں و کشمیر کے نائب وزیر اعلیٰ سریندر چودھری نے پاکستان کے ساتھ بات چیت کے معاملے پر بھارتیہ جنتا پارٹی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ نیشنل کانفرنس اور ڈاکٹر فاروق عبداللہ کا ماضی میں اختیار کیا گیا موقف آج درست ثابت ہو رہا ہے۔ جموں میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ بات چیت کی ضرورت پر زور دینے کی وجہ سے اس وقت ان کے قائدین کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا لیکن آج پاکستان کا ایک وفاقی وزیر بھارت کے دورے پر ہے۔

سریندر چودھری نے کہا کہ آپریشن سندور کے بعد جب یہ کہا گیا تھا کہ پاکستان کے ساتھ سخت رویہ اختیار کیا جائے گا اور پانی روکے جانے کے معاملے پر بھی سخت بیانات سامنے آئے تھے لیکن آج حالات اس مقام پر پہنچ گئے ہیں کہ پاکستان کا وزیر بھارت آ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان کا وزیر بھارت آ رہا ہے تو ظاہر ہے کہ وہ کسی دعوت پر ہی آ رہا ہے۔نائب وزیر اعلیٰ نے ڈاکٹر فاروق عبداللہ کے ماضی کے موقف کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جب نیشنل کانفرنس کے قائدین نے پاکستان کے ساتھ بات چیت کی وکالت کی تھی تو بھارتیہ جنتا پارٹی نے ان کے لیڈروں کو پاکستان نواز قرار دینے کی کوشش کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ آج وقت نے ثابت کر دیا ہے کہ ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور نیشنل کانفرنس کا موقف درست تھا۔انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کا موقف سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی کے اس اصول کے مطابق ہے کہ دوست بدلے جا سکتے ہیں لیکن ہمسائے نہیں بدلے جا سکتے۔ان کے مطابق ہمسایہ ملک کے ساتھ ہمیشہ بہتر تعلقات قائم رکھنے کی کوشش ہونی چاہیے اور بات چیت ہی مسائل کے حل کا راستہ ہے۔سریندر چودھری نے بی جے پی کی جموں و کشمیر قیادت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ اس وقت پاکستان سے بات چیت کی وکالت کرنے والوں کو تنقید کا نشانہ بناتے تھے، انہیں اب یہ سوال خود سے پوچھنا چاہیے کہ آج پاکستان کا وزیر بھارت کیوں آ رہا ہے اور اس وقت ان کا موقف کیا تھا۔

جموں و کشمیر کانگریس کے صدر طاریق حمید قرہ نے کہا ہے کہ بھارتی حکومت کو سندھ طاس معاہدے کے معاملے پر واضح موقف اختیار کرنا چاہیے تھا، لیکن اس وقت حکومتی پالیسی میں تضاد نظر آ رہا ہے۔خبر رساں ادارے اے این آئی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک طرف ایسے وزرا کو مدعو کیا جا رہا ہے جنہوں نے پانی روکنے والوں کے ہاتھ کاٹنے کی دھمکی دی تھی، جبکہ دوسری جانب وزیراعظم بغیر دعوت کے وہاں پہنچ جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم، وزیر داخلہ اور وزیر خارجہ سمیت بھارتی حکومت اپنی سمت کھو چکی ہے۔




