جمعہ, نومبر 20, 2026
10.6 C
Srinagar

جے کے ایس ایس بی امتحان میں دھاندھلی ،مزید دو گاڑیاں ضبط

جموں, 20 نومبر: جموں و کشمیر سروسز سلیکشن بورڈ کے اکاؤنٹس اسسٹنٹ امتحان میں مبینہ نقل کروانے والے گروہ کے خلاف جموں پولیس کی کارروائی جاری ہے۔ پولیس نے معاملے کی تحقیقات کے دوران مزید دو گاڑیاں ضبط کرلی ہیں، جن کا استعمال امتحانی مراکز کے باہر بیٹھ کر الیکٹرانک آلات کے ذریعے اندر امتحان دینے والے امیدواروں کو نقل کروانے کے لیے کیا جارہا تھا۔ اس طرح اب تک ضبط کی گئی گاڑیوں کی تعداد چھ ہوگئی ہے، جبکہ اس معاملے میں گرفتار ملزمان کی مجموعی تعداد 20 تک پہنچ گئی ہے، جن میں چار سرکاری ملازمین بھی شامل ہیں۔

پولیس تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا ہے کہ اس مبینہ نقل کے بدلے امیدواروں سے بھاری رقم وصول کرنے کا منصوبہ بنایا گیا تھا۔پولیس نے اس سلسلے میں کچھ نقد رقم بھی برآمد کی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ رقم ان افراد کو دی جانی تھی جو امتحانی مراکز کے اندر موجود امیدواروں کو نقل کروانے میں مدد فراہم کررہے تھے۔

تحقیقات کے دوران پولیس کو شبہ ہے کہ اس گروہ سے وابستہ افراد نے صرف جے کے ایس ایس بی کے اکاؤنٹس اسسٹنٹ امتحان ہی نہیں بلکہ دیگر سرکاری ملازمتوں کے لیے منعقد کیے جانے والے تحریری امتحانات میں بھی اسی طریقہ کار کے ذریعے نقل کروائی ہوسکتی ہے۔ پولیس اب گروہ کے پرانے نیٹ ورک، اس میں شامل دیگر افراد اور ان کے کردار کی باریک بینی سے تحقیقات کررہی ہے۔

پولیس کے مطابق اب تک اس معاملے میں 20 افراد کو گرفتار کیا جاچکا ہے، جن میں چار سرکاری ملازمین بھی شامل ہیں۔ ضبط شدہ گاڑیوں، برآمد نقد رقم اور الیکٹرانک آلات کی مدد سے پورے نیٹ ورک کا سراغ لگانے کی کوششیں جاری ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ ایس ایس پی جموں جلد ہی اس معاملے میں دوبارہ پریس کانفرنس کرکے تحقیقات کے دوران سامنے آنے والے حقائق اور ملزمان کے خلاف کی گئی کارروائی کی تفصیلات پیش کرسکتے ہیں۔

Popular Categories

spot_imgspot_img