جمعہ, نومبر 20, 2026
16.1 C
Srinagar

جموں کے گورنمنٹ اسکول میں چوری کا معاملہ حل، دو ملزمان گرفتار

جموں، 20 نومبر: جموں کے گجر نگرکے بازار قصابان میں واقع گورنمنٹ ہائر اسیکنڈری اسکول میں چوری کی واردات کا معمہ حل کرتے ہوئے پولیس نے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔ پولیس نے ملزمان کی نشاندہی پر تقریباً 70 ہزار روپے مالیت کا چوری شدہ سامان برآمد کیا ہے، جس میں اسکول کے واش روم اور لیبارٹری کے نلکے اور مڈ ڈے میل کے لیے استعمال ہونے والے برتن شامل ہیں۔

پولیس کے مطابق گزشتہ جمعہ کو اسکول کے پرنسپل نے شکایت درج کرائی تھی کہ اسکول کے واش روم اور لیبارٹری سے نلکے جبکہ مڈ ڈے میل کی تیاری کے لیے رکھے گئے برتن چوری ہوگئے ہیں۔ شکایت پر پولیس اسٹیشن پیر مٹھا میں مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کی گئی تھیں۔

تحقیقات کے دوران پولیس نے جائے واردات کا معائنہ کیا اور فنگر پرنٹس سمیت دیگر شواہد جمع کیے۔ اس کے علاوہ علاقے میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کی جانچ کی گئی اور کال ڈیٹیل ریکارڈ سمیت دیگر تکنیکی شواہد کا بھی تجزیہ کیا گیا۔

پولیس نے حاصل ہونے والے سراغوں کی بنیاد پر مختلف مقامات پر چھاپے مار کر دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ پوچھ گچھ کے دوران ملزمان کی نشاندہی پر نروال کے علاقے میں واقع ایک کباڑ کی دکان سے چوری شدہ نلکے اور برتن برآمد کیے گئے۔پولیس کے مطابق دونوں ملزمان فی الحال پولیس ریمانڈ پر ہیں، جبکہ معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

Popular Categories

spot_imgspot_img