جموں، 20 نومبر: جموں و کشمیر کے نائب وزیر اعلیٰ سریندر چودھری نے پاکستان کے ساتھ بات چیت کے معاملے پر بھارتیہ جنتا پارٹی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ نیشنل کانفرنس اور ڈاکٹر فاروق عبداللہ کا ماضی میں اختیار کیا گیا موقف آج درست ثابت ہو رہا ہے۔ جموں میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ بات چیت کی ضرورت پر زور دینے کی وجہ سے اس وقت ان کے قائدین کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا لیکن آج پاکستان کا ایک وفاقی وزیر بھارت کے دورے پر ہے۔
سریندر چودھری نے کہا کہ آپریشن سندور کے بعد جب یہ کہا گیا تھا کہ پاکستان کے ساتھ سخت رویہ اختیار کیا جائے گا اور پانی روکے جانے کے معاملے پر بھی سخت بیانات سامنے آئے تھے لیکن آج حالات اس مقام پر پہنچ گئے ہیں کہ پاکستان کا وزیر بھارت آ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان کا وزیر بھارت آ رہا ہے تو ظاہر ہے کہ وہ کسی دعوت پر ہی آ رہا ہے۔
نائب وزیر اعلیٰ نے ڈاکٹر فاروق عبداللہ کے ماضی کے موقف کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جب نیشنل کانفرنس کے قائدین نے پاکستان کے ساتھ بات چیت کی وکالت کی تھی تو بھارتیہ جنتا پارٹی نے ان کے لیڈروں کو پاکستان نواز قرار دینے کی کوشش کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ آج وقت نے ثابت کر دیا ہے کہ ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور نیشنل کانفرنس کا موقف درست تھا۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کا موقف سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی کے اس اصول کے مطابق ہے کہ دوست بدلے جا سکتے ہیں لیکن ہمسائے نہیں بدلے جا سکتے۔
ان کے مطابق ہمسایہ ملک کے ساتھ ہمیشہ بہتر تعلقات قائم رکھنے کی کوشش ہونی چاہیے اور بات چیت ہی مسائل کے حل کا راستہ ہے۔
سریندر چودھری نے بی جے پی کی جموں و کشمیر قیادت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ اس وقت پاکستان سے بات چیت کی وکالت کرنے والوں کو تنقید کا نشانہ بناتے تھے، انہیں اب یہ سوال خود سے پوچھنا چاہیے کہ آج پاکستان کا وزیر بھارت کیوں آ رہا ہے اور اس وقت ان کا موقف کیا تھا۔
واضح رہے کہ پاکستان کے وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی رابطہ کاری مصدق مسعود ملک نئی دہلی پہنچے ہیں، جہاں وہ 20 سے 22 نومبر تک منعقد ہونے والے پہلے ایس سی او سولائزیشنل ڈائیلاگ فورم میں پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ یہ آپریشن سندور کے بعد کسی پاکستانی وفاقی وزیر کا بھارت کا پہلا دورہ ہے۔




