جمعہ, نومبر 20, 2026
10.6 C
Srinagar

جموں و کشمیر میں پہلی بار متوفی کے اعضا نکالے گئے، تین مریضوں کو نئی زندگی ملنے کی امید

جموں:جموں و کشمیر میں پہلی مرتبہ کسی متوفی شخص کے اعضا کامیابی کے ساتھ نکالے گئے ہیں۔ اُدھم پور کے ناردرن کمانڈ اسپتال میں 56 سالہ برین ڈیڈ شخص کے جگر اور دونوں گردے نکال کر ٹرانسپلانٹیشن کے لیے نئی دہلی منتقل کیے گئے۔حکام کے مطابق ریاسی ضلع کے پونی علاقے کے رہائشی جگ دیو سنگھ کو دماغ میں خون بہنے کے بعد ناردرن کمانڈ اسپتال اُدھم پور میں داخل کرایا گیا تھا، تاہم طبی علاج کے باوجود ان کی جان نہیں بچائی جا سکی۔ ماہر ڈاکٹروں کی خصوصی ٹیم نے برین اسٹیم ڈیتھ کی تصدیق کے بعد انہیں برین ڈیڈ قرار دیا۔

جگ دیو سنگھ کے اہل خانہ نے انسانی ہمدردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ان کے اعضا عطیہ کرنے کی رضامندی ظاہر کی، جس کے بعد جگر اور دونوں گردے نکالنے کا عمل شروع کیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ عطیہ کیے گئے اعضا تین مریضوں کے علاج اور زندگی بچانے کے لیے استعمال کیے جائیں گے۔اعضا نکالنے کا عمل اُدھم پور کے کمانڈ اسپتال اور آرمی اسپتال ریسرچ اینڈ ریفرل نئی دہلی کی طبی ٹیموں نے مشترکہ طور پر انجام دیا۔ آپریشن کی نگرانی کمانڈ اسپتال کے کمانڈنٹ میجر جنرل سنجے شرما نے کی، جبکہ اسٹیٹ آرگن اینڈ ٹشو ٹرانسپلانٹ آرگنائزیشن جموں و کشمیر نے بھی کارروائی میں تعاون فراہم کیا۔

موسم کی خرابی کے باعث نئی دہلی سے آنے والی آر اینڈ آر اسپتال کی ٹیم کا طیارہ اُدھم پور میں لینڈ نہیں کر سکا، جس کے بعد ٹیم آرمی طیارے کے ذریعے جموں پہنچی۔ ٹیم کو فوری طور پر اُدھم پور پہنچانے کے لیے جموں ایئر فورس اسٹیشن سے کمانڈ اسپتال تک گرین کوریڈور قائم کیا گیا۔اعضا نکالنے کا عمل مکمل ہونے کے بعد انہیں اسپتال سے 39 ونگ ایئر فورس اسٹیشن، دھار روڈ تک منتقل کرنے کے لیے ایک اور گرین کوریڈور بنایا گیا۔ بعد ازاں اعضا اور طبی ٹیم کو نئی دہلی منتقل کیا گیا، جہاں اعضا کو ٹرانسپلانٹیشن کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

ایس او ٹی ٹی او جموں و کشمیر کے نوڈل افسر ڈاکٹر الیاس شرما بھی اعضا نکالنے کے دوران آپریشن تھیٹر میں موجود رہے۔ انہوں نے اس کامیابی کو جموں و کشمیر میں اعضا عطیہ کرنے کے حوالے سے ایک تاریخی پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ متوفی شخص کی جانب سے اعضا عطیہ کرنا انسانیت کی عظیم خدمت ہے، جس کے ذریعے موت کے بعد بھی کئی انسانی زندگیاں بچائی جا سکتی ہیں۔

ڈاکٹر الیاس شرما نے متوفی کے اہل خانہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی رضامندی اور سخاوت قابل قدر ہے۔ انہوں نے اعضا نکالنے اور انہیں نئی دہلی منتقل کرنے کے پورے عمل میں شامل طبی ٹیموں، فوجی اہلکاروں اور دیگر اداروں کی مشترکہ کوششوں کو بھی سراہا۔کمانڈ اسپتال اُدھم پور کو 2023 میں اعضا نکالنے کی اجازت دی گئی تھی اور اس کے بعد سے اسپتال خطے میں متوفی افراد کے اعضا عطیہ کرنے کے پروگرام کو فروغ دینے کے لیے کام کر رہا تھا۔

کامیاب کارروائی کے بعد یہ جموں و کشمیر کا پہلا مرکز بن گیا ہے جہاں کسی متوفی عطیہ کنندہ کے اعضا کامیابی کے ساتھ نکالے گئے ہیں۔اعضا نکالنے کی کارروائی مکمل ہونے کے بعد جگ دیو سنگھ کی میت آخری رسومات کے لیے اہل خانہ کے حوالے کر دی گئی۔ گورنمنٹ میڈیکل کالج اُدھم پور کے پرنسپل کی جانب سے فراہم کردہ ایمبولینس کے ذریعے میت کو ان کے آبائی گھر منتقل کیا گیا۔

ہندوستھان سماچار

Popular Categories

spot_imgspot_img