سری نگر: جموں و کشمیر پولیس نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ سائبر مجرم اصلی قرض فراہم کرنے والے پلیٹ فارمز سے ملتی جلتی جعلی لون ایپس بنا کر لوگوں کو اپنے جال میں پھنسا رہے ہیں۔
پولیس نے ایکس پر جاری ایک پوسٹ میں کہا ہے کہ ایسی ایپس کے ذریعے مجرم صارفین کی ذاتی معلومات چرا لیتے ہیں، انہیں دی گئی اجازتوں کا غلط استعمال کرتے ہیں اور پھر انہیں فراڈ کے جال میں الجھا دیتے ہیں۔
پولیس نے کوئی بھی لون ایپ ڈاؤن لوڈ کرنے سے پہلے چار باتوں کا خیال رکھنے کی ہدایت دی ہے۔ سب سے پہلے ایپ بنانے والے ڈیولپر اور کمپنی کی تفصیلات کی تصدیق کی جائے اور یہ دیکھا جائے کہ قرض دینے والا ادارہ ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) سے منظور شدہ ہے یا نہیں۔
اس کے علاوہ صارفین کے تبصرے غور سے پڑھے جائیں اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی پر نظر رکھی جائے۔ آخر میں، حساس دستاویزات کسی کے ساتھ شیئر نہ کی جائیں اور ایپ کو غیر ضروری اجازتیں نہ دی جائیں۔ پولیس نے کہا کہ سائبر فراڈ کا شکار ہونے والے افراد فوراً قومی ہیلپ لائن 1930 پر کال کریں یا cybercrime.gov.in پورٹل پر شکایت درج کرائیں۔





