جمعرات, نومبر 19, 2026
16.7 C
Srinagar

چیف سکریٹری نے جموں شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا

جموں: جموں و کشمیر کے نئے چیف سکریٹری سجن سنگھ یادو نے جمعرات کو جموں شہر کے اپنے پہلے دورے کے دوران دریائے توی پر زیر تعمیر مصنوعی جھیل کے منصوبے سمیت شہر کے دیگر اہم بنیادی ڈھانچے اور خوبصورتی سے متعلق ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے متعلقہ افسران کو جاری کاموں میں تیزی لانے اور مصنوعی جھیل کو سیاحوں کی توجہ کا ایک بڑا مرکز بنانے کی ہدایت دی۔

1995 بیچ کے اے جی ایم یو ٹی کیڈر کے آئی اے ایس افسر سجن سنگھ یادو نے بدھ کے روز چیف سکریٹری کا عہدہ سنبھالا تھا۔ انہوں نے اٹل ڈلو کی جگہ یہ ذمہ داری سنبھالی ہے، جو 31 اکتوبر کو سبکدوش ہوئے تھے۔

چیف سکریٹری نے اپنے پہلے فیلڈ دورے کا آغاز رگھوناتھ بازار سے کیا، جہاں انہوں نے پرانے شہر میں جاری خوبصورتی اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے کاموں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈویژنل کمشنر وکاس کنڈل، ڈپٹی کمشنر منگا شیرپا اور جموں میونسپل کارپوریشن کی کمشنر آیوشی سودن سمیت مختلف محکموں کے اعلیٰ افسران موجود تھے۔

افسران نے انہیں شہری سہولیات کی بہتری، شہر کے تاریخی ورثے کے تحفظ اور تجارتی علاقوں کی ترقی کے لیے جاری اقدامات کے بارے میں تفصیلی جانکاری دی۔ اس دوران جموں میونسپل کارپوریشن کے کام کاج اور جموں اسمارٹ سٹی منصوبے کے تحت جاری مختلف ترقیاتی سرگرمیوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔

بعد ازاں چیف سکریٹری نے دریائے توی کے کنارے زیر تعمیر مصنوعی جھیل کے منصوبے کا دورہ کرکے زمینی سطح پر جاری کاموں کا جائزہ لیا۔ انہیں منصوبے کی اہم خصوصیات اور یہاں آنے والے سیاحوں و دیگر لوگوں کی دلچسپی کے لیے شروع کی گئی سرگرمیوں کے بارے میں بتایا گیا۔ اس دوران توی آرتی کے آغاز کے بعد یہاں آنے والے لوگوں کی بڑھتی دلچسپی کا بھی ذکر کیا گیا۔

چیف سکریٹری نے جموں اسمارٹ سٹی کے تحت شہر کی خوبصورتی اور شہری منظرنامے کو بہتر بنانے کے لیے جاری دیگر منصوبوں کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ تمام زیر التوا کاموں میں تیزی لائی جائے تاکہ مصنوعی جھیل کو ایک خوبصورت عوامی تفریحی مقام کے طور پر ترقی دی جا سکے اور زیادہ سے زیادہ سیاحوں کو یہاں آنے کی ترغیب ملے۔

اس دورے کا مقصد شہر میں جاری اہم ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کا موقع پر جائزہ لینا اور جموں کو صاف ستھرا، خوبصورت اور سیاحوں کے لیے مزید پرکشش شہر بنانے کے سلسلے میں انتظامیہ کی کوششوں کا جائزہ لینا تھا۔

Popular Categories

spot_imgspot_img