جمعرات, نومبر 19, 2026
11.7 C
Srinagar

جے کے ایس ایس بی نقل معاملہ: چار سرکاری ملازمین سمیت 20 افراد گرفتار

جموں, 19 نومبر: جموں و کشمیر سروس سلیکشن بورڈ کے زیر اہتمام منعقدہ اکاؤنٹس اسسٹنٹ امتحان میں نقل کرانے کی سازش کے معاملے کی تحقیقات کے دوران چار سرکاری ملازمین کی مبینہ شمولیت بھی سامنے آئی ہے۔ جموں پولیس کی خصوصی تحقیقاتی ٹیم نے اب تک اس معاملے میں 20 افراد کو گرفتار کیا ہے۔

تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا ہے کہ سرکاری ملازمین امتحانی مراکز سے سوالنامہ باہر نکال کر وہاں کھڑی گاڑیوں میں موجود نوجوانوں تک پہنچاتے تھے، جس کے عوض امیدواروں سے مبینہ طور پر بھاری رقم وصول کی گئی۔

پولیس کے مطابق نقل کے اس نیٹ ورک کے لیے مختلف امتحانی مراکز کے باہر الگ الگ ٹیمیں تعینات کی گئی تھیں۔ پولیس نے ابتدائی کارروائی کے دوران تین امتحانی مراکز کے باہر سے آٹھ نوجوانوں کو گرفتار کیا تھا، جن کا منصوبہ الیکٹرانک آلات کے ذریعے امتحانی مراکز کے اندر موجود چھ امیدواروں تک سوالات کے جوابات پہنچانا تھا۔

تحقیقات میں ایک اور امتحانی مرکز کے باہر بھی اسی نوعیت کے نیٹ ورک کا انکشاف ہوا، جہاں سے مزید کچھ ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ ان کے قبضے سے مبینہ طور پر نقل کرانے کے لیے جمع کی گئی بڑی مقدار میں نقدی بھی برآمد ہوئی۔

پولیس کی پوچھ گچھ کے دوران گرفتار ملزمان نے بتایا کہ نقل کے لیے استعمال کیے جانے والے الیکٹرانک آلات چند روز قبل ہی خریدے گئے تھے۔ پولیس کے مطابق یہ آلات 200 سے 300 میٹر کے فاصلے تک آپس میں منسلک رہ سکتے ہیں۔ اب پولیس ان آلات کی خریداری کے ذرائع اور انہیں امیدواروں تک پہنچانے کے طریقہ کار کی بھی تحقیقات کر رہی ہے۔

تحقیقات سے یہ بھی سامنے آیا ہے کہ پورے نیٹ ورک میں امتحانی مراکز کے اندر اور باہر موجود افراد کو الگ الگ ذمہ داریاں سونپی گئی تھیں۔ باہر موجود افراد سوالات کے جوابات تیار کرکے الیکٹرانک آلات کے ذریعے اندر موجود امیدواروں تک پہنچاتے تھے، جبکہ بعض سرکاری ملازمین مبینہ طور پر سوالنامے امتحانی مراکز سے باہر پہنچانے کا کام کرتے تھے۔

واضح رہے کہ 15 نومبر کو منعقدہ جے کے ایس ایس بی اکاؤنٹس اسسٹنٹ امتحان میں نقل کرانے کی سازش کا پردہ فاش کرتے ہوئے پولیس نے آٹھ وائرلیس سیٹ، تقریباً 22 موبائل فون اور پانچ چار پہیہ گاڑیاں برآمد کی تھیں۔ ایس ایس پی جموں کی نگرانی میں ایس ڈی پی او دومانہ کی قیادت میں تشکیل دی گئی ایس آئی ٹی معاملے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔

Popular Categories

spot_imgspot_img