منگل, نومبر 10, 2026
16.7 C
Srinagar

بارہمولہ میں تیندوے کا حملہ، 6 سالہ بچہ جاں بحق،وادی کشمیر میں جنگلی جانوروں کے حملوں میں اضافہ، تین ماہ کے دوران 6 افراد ہلاک اور 90 زخمی

بارہمولہ: شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے کریری علاقے میں تیندوے کے حملے میں 6 سالہ معصوم بچہ جاں بحق ہوگیا۔ اس واقعے نے وادی کشمیر میں جنگلی جانوروں کے بڑھتے ہوئے حملوں اور انسانی جانوں کو لاحق خطرات کے معاملے کو ایک بار پھر اجاگر کیا ہے۔

خبر رساں ایجنسی کشمیر نیوز آبزرور کیریری کے کلانترا گاؤں میں ایک تیندوے نے 6 سالہ بچے پر حملہ کرکے اسے شدید زخمی کردیا۔ بچے کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

متوفی کی شناخت کفایت بٹ ولد محمد رمضان بٹ ساکن کلانترا، کیریری کے طور پر ہوئی ہے۔ حکام نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات شروع کردی ہیں۔

ادھر وادی کشمیر میں گزشتہ چند ماہ کے دوران تیندوؤں اور ریچھوں کے حملوں کے متعدد واقعات سامنے آئے ہیں۔ دستیاب اعداد و شمار کے مطابق یکم اگست سے 19 اکتوبر 2026 تک جنگلی ریچھوں اور تیندوؤں کے حملوں میں 6 افراد ہلاک جبکہ تقریباً 90 زخمی ہوئے ہیں۔

ان واقعات میں بڈگام کے اومپورہ علاقے میں 5 سالہ بچی ادا نثار اور کپواڑہ کے مرسری علاقے میں 12 سالہ ایان اشرف کی ہلاکت بھی شامل ہے۔ تازہ ترین واقعے میں بارہمولہ کے کلانترا گاؤں میں 6 سالہ کفایت بھٹ کی موت واقع ہوئی ہے۔

شمالی کشمیر کے اضلاع بارہمولہ، کپواڑہ اور بانڈی پورہ میں جنگلی جانوروں کے حملوں کے واقعات مسلسل سامنے آرہے ہیں، جس سے بالخصوص جنگلات اور باغات کے قریب رہنے والے لوگوں میں خوف و تشویش پائی جارہی ہے۔

جنگلی جانوروں کی انسانی آبادیوں میں بڑھتی ہوئی نقل و حرکت کے پیش نظر عوام نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں حفاظتی اقدامات تیز کیے جائیں اور جنگلی جانوروں کی موجودگی والے علاقوں میں لوگوں، خصوصاً بچوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے۔

واضح رہے کہ 6 اموات اور تقریباً 90 زخمیوں کے اعداد و شمار یکم اگست سے 19 اکتوبر تک ریچھوں اور تیندوؤں کے مجموعی حملوں سے متعلق ہیں، صرف تیندوؤں کے حملوں سے نہیں۔

Popular Categories

spot_imgspot_img