ویئر ہاؤس نہرو مارکیٹ سب سے زیادہ متاثر، فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کی کارکردگی پر سوالات
جموں، 9 نومبر: دیوالی کی تقریبات کے دوران جموں صوبے کے مختلف علاقوں میں آگ لگنے کے مجموعی طور پر 64 واقعات پیش آئے، جن میں سے 30 واقعات صرف ضلع جموں میں رپورٹ ہوئے ہیں۔
حکام کے مطابق تاریخی ویئر ہاؤس نہرو مارکیٹ ان علاقوں میں شامل ہے، جہاں آتشزدگی سے بڑے پیمانے پر نقصان ہوا۔ یہاں بھیانک آگ کی زد میں آنے سے متعدد تجارتی اداروں کو نقصان پہنچا، جس کے نتیجے میں تاجروں کو بھاری مالی خسارے کا سامنا کرنا پڑا۔
ویئر ہاؤس مارکیٹ کے علاوہ پہاڑی محلہ، شالیمار اور گنگیال علاقوں سے بھی آگ لگنے کے واقعات سامنے آئے، جس کے باعث فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کی ٹیمیں پوری رات امدادی کارروائیوں میں مصروف رہیں۔
فائر فائٹرز نے رات بھر آگ پر قابو پانے اور اسے ملحقہ عمارتوں تک پھیلنے سے روکنے کے لیے کارروائیاں جاری رکھیں، خاص طور پر گنجان آبادی والے تجارتی علاقوں میں آگ پر قابو پانے کے لیے خصوصی کوششیں کی گئیں۔
ویئر ہاؤس نہرو مارکیٹ میں پیش آئے بڑے آتشزدگی کے واقعے کے بعد تاجروں میں تشویش پائی جا رہی ہے۔ ویئر ہاؤس ایسوسی ایشن نے الزام لگایا کہ فائر بریگیڈ کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر تاخیر سے پہنچیں اور ابتدائی کارروائی آگ پر قابو پانے کے لیے ناکافی تھی۔
تاہم حکام نے ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ آگ لگنے کے واقعات کی اطلاع ملتے ہی فائر فائٹنگ ٹیموں کو فوری طور پر روانہ کیا گیا تھا۔ ان کے مطابق امدادی کارروائیوں کو مزید مؤثر بنانے کے لیے دیگر فائر اسٹیشنوں سے اضافی فائر ٹینڈرز بھی طلب کیے گئے تھے۔
فائر بریگیڈ کی کارروائی کے حوالے سے تاجروں اور حکام کے متضاد بیانات کے بعد فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کی تیاریوں اور ہنگامی ردعمل پر سوالات اٹھنے لگے ہیں، خصوصاً جموں کے مصروف بازاروں میں تجارتی اداروں اور آتش گیر اشیا کی موجودگی کے پیش نظر۔
حکام کے مطابق آگ لگنے کے تمام انفرادی واقعات میں ہوئے نقصانات اور تاجروں کو پہنچنے والے مجموعی مالی خسارے کا مکمل تخمینہ ابھی لگایا جانا باقی ہے۔
(کے این ٹی)




