سری نگر: کرائم برانچ جموں و کشمیر کے اکنامک آفینسز ونگ (ای او ڈبلیو) کشمیر نے منگل کو ایک ایسے شخص کے خلاف عدالت میں چارج شیٹ دائر کی ہے، جس پر خود کو سی آئی ڈی افسر ظاہر کرکے سرکاری نوکریاں اور تبادلے کروانے کے نام پر لوگوں سے رقم بٹورنے کا الزام ہے۔مذکورہ ملزم بی الحال گرفتاری سے بچنے کے لئے مفرور ہے اور اسکی تلاش جاری ہے ۔
جاری ایک بیان میں ترجمان نے بتایا کہ ای او ڈبلیو کشمیر نے ایف آئی آر نمبر 24/2023، زیر دفعات 420 اور 468 آئی پی سی کے تحت غلام حسن ڈار ولد محمد یوسف ڈار ساکن دھوبی گھاٹ حضرت بل کے خلاف سری نگر کی عدالتِ سب جج میں چارج شیٹ دائر کی ہے۔
ترجمان کے مطابق یہ معاملہ ایک تحریری شکایت کی بنیاد پر درج کیا گیا تھا، جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ ملزم خود کو دہلی میں تعینات سی آئی ڈی افسر ظاہر کرکے لوگوں کو سرکاری مراعات دلانے کا جھانسہ دیتا تھا۔
الزام ہے کہ ملزم نے ریلوے محکمے کے ایک ملازم کا اتراکھنڈ سے سری نگر تبادلہ کروانے کا وعدہ کیا تھا۔ اس کے علاوہ ایک دوسرے متاثرہ شخص کو محکمہ صحت میں نرسنگ آرڈرلی کی ملازمت دلانے کی یقین دہانی کرائی اور اسے جعلی تقرری نامے کے ساتھ ساتھ فرضی ڈیپوٹیشن لیٹر بھی فراہم کیا، جس کے ذریعے لوگوں سے لاکھوں روپے ہتھیائے گئے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ تحقیقات کے دوران الزامات درست ثابت ہونے کے بعد کیس کو ثابت شدہ قرار دیتے ہوئے عدالت میں چارج شیٹ دائر کی گئی۔ چونکہ ملزم مفرور ہے، اس لیے اس کے خلاف دفعہ 512 ضابطہ فوجداری (سی آر پی سی) کے تحت اس کی غیر موجودگی میں چارج شیٹ پیش کی گئی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ایس ایس پی ای او ڈبلیو کشمیر نے عوام سے اپیل کی ہے کہ سرکاری تعلقات کا دعویٰ کرنے والے افراد کی اسناد اور شناخت کی تصدیق کریں اور غیر مجاز ذرائع سے سرکاری نوکریوں یا تبادلوں کے لیے کبھی رقم ادا نہ کریں۔ اس طرح کی کسی بھی دھوکہ دہی کی سرگرمی کی اطلاع ای او ڈبلیو کشمیر کو دیں۔
(کے این او)





