پیر, نومبر 9, 2026
20.6 C
Srinagar

جے اینڈ کے بینک پی ایم ای جی پی قرض فراڈ معاملہ: ای ڈی نے 10.63 کروڑ روپے مالیت کی جائیدادیں منسلک کر دیں

سری نگر، 9 نومبر: انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے پیر کے روز وزیر اعظم روزگار پیداوار پروگرام (پی ایم ای جی پی) کے قرضوں کے مبینہ غلط استعمال سے متعلق معاملے میں سری نگر اور بانڈی پورہ اضلاع میں 10.63 کروڑ روپے مالیت کی 11 غیر منقولہ جائیدادوں کو عارضی طور پر منسلک کرنے کا اعلان کیا ہے۔

جاری کردہ ایک بیان میں ای ڈی کے ترجمان نے بتایا کہ ایجنسی کے سری نگر زونل دفتر نے انسداد منی لانڈرنگ ایکٹ (پی ایم ایل اے) 2002 کے تحت مذکورہ جائیدادوں کو منسلک کیا ہے۔ ان جائیدادوں میں زمین اور عمارتیں شامل ہیں، جو مبینہ طور پر سپلائرز، بروکروں، جے اینڈ کے بینک کے بعض افسران اور دیگر متعلقہ افراد کے قبضے یا کنٹرول میں ہیں۔

ترجمان کے مطابق ای ڈی نے یہ تحقیقات اینٹی کرپشن بیورو (اے سی بی) اور سی بی آئی سری نگر کی جانب سے درج دو ایف آئی آرز کی بنیاد پر شروع کی تھیں۔ ان ایف آئی آرز میں الزام لگایا گیا تھا کہ پی ایم ای جی پی اسکیم کے تحت قرضوں کی رقم مستفیدین، جے اینڈ کے بینک کی سمبل اور گامڈ گارڈِ کھڈ شاخوں کے بعض بینک ملازمین اور دیگر نامعلوم افراد کی مبینہ ملی بھگت سے خردبرد کی گئی۔

تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ مبینہ طور پر فرضی مستفیدین کے نام پر قرضے حاصل کیے گئے، جبکہ غیر موجود فرموں اور کمپنیوں کے جعلی بلوں اور انوائسز کا استعمال کرکے بینک سے قرض کی رقم منظور کروائی گئی۔ اس عمل میں بینک ملازمین، نجی افراد اور بروکرز کی مبینہ ملی بھگت بھی سامنے آئی ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ پی ایم ایل اے کی دفعہ 16 کے تحت جے اینڈ کے بینک کی سمبل اور گامڈ گارڈِ کھڈ شاخوں میں کیے گئے سروے کے دوران پی ایم ای جی پی اسکیم سے متعلق 270 ٹرم لون اکاؤنٹس اور اتنی ہی تعداد میں ورکنگ کیپیٹل اکاؤنٹس کا پتہ چلا۔ ان قرضوں کے سلسلے میں غیر فعال اثاثوں (این پی اے) کی رقم تقریباً 32 کروڑ روپے پائی گئی۔

تحقیقات میں مزید انکشاف ہوا کہ مبینہ غیر قانونی طریقوں سے حاصل کی گئی رقم مختلف بینک کھاتوں کے ذریعے کئی لین دین میں منتقل کی گئی اور اس کا استعمال جائیدادوں کی تعمیر، تزئین و آرائش اور ذاتی مفادات کے لیے کیا گیا۔

ای ڈی کے مطابق اب تک کی تحقیقات میں ہلال احمد وانی اور دیگر افراد کا نام سامنے آیا ہے، جنہوں نے مبینہ طور پر پی ایم ای جی پی اسکیم کے تحت دھوکہ دہی سے قرضے حاصل کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ الزام ہے کہ قرض حاصل کرنے والوں کے کے وائی سی دستاویزات اور دیگر ریکارڈ استعمال کیے گئے، جبکہ سپلائرز، بروکروں یا ان کے اہل خانہ کے نام پر رجسٹرڈ فرضی کمپنیوں کے جعلی بل پیش کرکے قرضوں کی رقم حاصل کی گئی۔

ترجمان کے مطابق تحقیقات کے دوران 11.37 کروڑ روپے کی مبینہ غیر قانونی آمدنی کا سراغ لگایا گیا۔ اس رقم کو مختلف بینک کھاتوں کے ذریعے منتقل کیا گیا، جبکہ اس کا ایک حصہ اہل خانہ کے نام پر موجود جائیدادوں کی تعمیر اور مرمت پر خرچ کیا گیا۔

ای ڈی کا کہنا ہے کہ مبینہ غیر قانونی رقم کا ایک بڑا حصہ خردبرد بھی کیا گیا، جس سے ملزمان کے خلاف رقم کی منتقلی، چھپانے، قبضے میں رکھنے اور استعمال کرنے کے الزامات سامنے آئے ہیں۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ غیر قانونی آمدنی کی مالیت کو محفوظ رکھنے کے مقصد سے سپلائرز، بروکروں، بینکروں اور ایک بینک افسر کے کنٹرول میں موجود 11 جائیدادوں کو پی ایم ایل اے کی دفعہ 5(1) کے تحت عارضی طور پر منسلک کیا گیا ہے۔ای ڈی نے کہا کہ معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

(کے این او)

Popular Categories

spot_imgspot_img