ہفتہ, ستمبر 26, 2026
21.7 C
Srinagar

مسلم پبلک ہائی اسکول راجباغ سرینگرکی سالانہ تقریب

اساتذہ اور والدین نئی نسل کی تربیت میں کلیدی کردار ادا کریں: غلام محی الدین بٹ

معاشی طور کمزور طبقوں کے بچوں کو تعلیم سے آراستہ کرنا ادارے کے قیام کا بنیادی مقصد تھا: جی ایم ڈار

شوکت ساحل

سرینگرمسلم پبلک ہائی اسکول راجباغ سرینگر میں سالانہ تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں طلبہ و طالبات نے مختلف نوعیت کے دینی، تعلیمی اور ثقافتی پروگرام پیش کرکے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ تقریب میں طلبہ و طالبات، والدین، اساتذہ کے علاوہ سماج کی مختلف شعبوں سے وابستہ ذی حس شخصیات نے شرکت کی۔

تقریب کے مہمانِ ذی وقار چیف ایجوکیشن آفیسر سرینگر ،غلام محی الدین بٹ تھے، جبکہ معروف صحافی و قلمکار رشید راہل نے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ تقریب کے دوران طلبہ و طالبات نے نعت خوانی، سیرتِ طیبہ کے مختلف پہلوئوں پر روشنی ڈالنے والے پروگرام، تقاریر اور دیگر دینی و ثقافتی پیشکشیں پیش کیں، جنہیں حاضرین نے سراہا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیف ایجوکیشن آفیسر سرینگر غلام محی الدین بٹ نے کہا کہ تعلیم نور ہے اور یہی نور انسان اور معاشرے کے مستقبل کو روشن کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے طلبہ ہی کل کے مستقبل کے معمار ہیں، اس لئے ان کی تعلیم کے ساتھ ساتھ ان کی اخلاقی اور سماجی تربیت بھی انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی نسل کی شخصیت سازی میں اساتذہ کے ساتھ والدین کا بھی اہم کردار ہے اور دونوں کو مل کر بچوں کی رہنمائی کرنی چاہئے۔انہوں نے طلبہ کی جانب سے پیش کئے گئے پروگراموں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی تقریبات بچوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار، خود اعتمادی میں اضافے اور اپنی تہذیبی و اخلاقی اقدار سے وابستہ رہنے کا موقع فراہم کرتی ہیں۔

مسلم پبلک ہائی اسکول کے سرپرستِ اعلیٰ جی ایم ڈار نے ادارے کے قیام اور اس کے بنیادی مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اسکول کی بنیاد 1984 میں اس مقصد کے ساتھ رکھی گئی تھی کہ سماج کے معاشی طور پر کمزور طبقوں سے تعلق رکھنے والے بچوں، خواہ وہ لڑکے ہوں یا لڑکیاں، کو تعلیم کے نور سے منور کرنے کے مواقع فراہم کئے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ ادارے کے قیام کے سفر میں کئی مخلص افراد، اسلاف، دوستوں اور رشتہ داروں نے نمایاں کردار ادا کیا، جن کی خدمات اور قربانیوں کو آج بھی قدر و احترام سے یاد کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان تمام افراد کی کاوشوں کا بنیادی مقصد یہی تھا کہ علم کی روشنی معاشرے کے ہر طبقے تک پہنچے اور بچوں کو بہتر مستقبل کی تعمیر کے لئے تعلیم و تربیت فراہم کی جائے۔

چیئرمین محمد الطاف شیخ نے کہا کہ کسی بھی تعلیمی ادارے کی اصل کامیابی اس کے طلبہ کی علمی اور اخلاقی ترقی میں مضمر ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسکول میں نصابی تعلیم کے ساتھ ہم غیرنصابی سرگرمیوں پر بھی توجہ دی جاتی ہے تاکہ طلبہ اپنی پوشیدہ صلاحیتوں کو بروئے کار لا سکیں۔وائس چیئرمین و پرنسپل ایڈووکیٹ اسرار علی نے کہا کہ طلبہ کی کامیابی میں اسکول، اساتذہ اور والدین کے درمیان مضبوط تال میل بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ حصولِ علم کے ساتھ نظم و ضبط، اخلاق اور خدمتِ خلق کو بھی اپنی زندگی کا حصہ بنائیں۔

پرنسپل شازیہ رفیق نے سالانہ تقریب کے انعقاد کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ کو تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ اپنی تخلیقی اور تقریری صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع فراہم کرنا بھی اسکول کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے تقریب کو کامیاب بنانے میں اساتذہ، طلبہ اور والدین کے تعاون کو سراہا۔تقریب کے دوران طلبہ و طالبات نے نعتِ رسولِ مقبولﷺ، سیرتِ طیبہ، تقاریر اور مختلف ثقافتی پروگرام پیش کئے۔ بچوں کی پیشکشوں میں دینی و اخلاقی پیغامات کے ساتھ ساتھ تعلیم کی اہمیت، والدین و اساتذہ کے احترام اور معاشرتی اقدار کو اجاگر کیا گیا۔

ایشین میل کیساتھ بات کرتے مہمانِ خصوصی صحافی و قلمکار رشید راہل نے بھی طلبہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے تعلیم، مطالعہ اور تخلیقی صلاحیتوں کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے طلبہ کو تلقین کی کہ وہ کتاب اور علم سے اپنا رشتہ مضبوط کریں اور اپنی صلاحیتوں کو معاشرے کی بہتری کے لئے بروئے کار لائیں جبکہ جدید تعلیم سے ہم آہنگ ہونا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔

سالانہ تقریب کے اختتام پر طلبہ کی کارکردگی کو سراہا گیا جبکہ والدین اور دیگر شرکاءنے اسکول کی جانب سے اس طرح کی سرگرمیوں کے انعقاد کو بچوں کی شخصیت سازی اور صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لئے اہم قرار دیا۔

 

 

Popular Categories

spot_imgspot_img