دیگر متعدد افراد شدید خمی ، اسپتال میںکئی کی ایک حالت نازک
ایشین میل نیوزڈیسک
سری نگرشمالی کشمیر کے کپواڑہ ضلع کے کرناہ ۔ ٹنگڈار علاقے میں پیر کو ایک اسکارپیو گاڑی سڑک سے پھسل کر دریا میں جا گری، جس کے نتیجے میں نو ماہ کے شیر خوار بچے سمیت 5 افراد ہلاک اور سات دیگر زخمی ہوگئے۔حکام نے بتایا کہ حادثہ لائن آف کنٹرول کے قریب اس وقت پیش آیا جب اسکارپیو گاڑی ٹیٹوال سے سمیری کی جانب جارہی تھی۔ راستے میں گاڑی سڑک سے پھسل گئی اور نیچے جا کر کشن گنگا دریا میں جا گری۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور دیگر ریسکیو ٹیموں نے مقامی لوگوں کے تعاﺅن سے حادثے کے افراد کو بچانے کی کارروائی شروع کی ۔بتایا جاتا ہے کہ پانچ افراد کی موقع پر ہی موت ہوگئی ،جن کی نعشیں برآمد کی گئیں ۔
حادثے میں ہلاک ہونے والوں کی شناخت محمد ادریس (30)، حمزہ (نو ماہ)، سعیدہ بیگم (28)، شبیر احمد (50) ساکنان سمیری جبکہ ٹیٹوال کے رہائشی راجہ ارشد ( 30) کے طور پر ہوئی ہے۔حادثے میں ڈرائیور سمیت چھ دیگر مسافر زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو سب ڈسٹرکٹ اسپتال (ایس ڈی ایچ) ٹنگڈار منتقل کیا گیا، جہاں سے پانچ زخمیوں کو مزید بہتر علاج کے لیے اعلیٰ طبی مرکز منتقل کرنے کی سفارش کی گئی۔
پولیس کے ایک افسر نے بتایا کہ بھارتیہ نیائے سنہتا (بی این ایس) کی دفعات 281 اور 125(A)کے تحت مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔





