سری نگر، 14 ستمبر: کرائم برانچ جموں و کشمیر کی اکنامک آفنسز ونگ (ای او ڈبلیو) کشمیر نے پیر کے روز ایک ایسے شخص کے خلاف چارج شیٹ پیش کردی جس پر جعلی تقرری احکامات کے ذریعے سرکاری ملازمتیں دلانے کا جھانسہ دے کر لوگوں سے دھوکہ دہی کرنے کا الزام ہے۔
ایک ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ ای او ڈبلیو کشمیر نے سری نگر کی عدالتِ فارسٹ مجسٹریٹ کے سامنے ایف آئی آر نمبر 12/2026 کے تحت تعزیراتِ ہند (آئی پی سی) کی دفعات 420، 468 اور 471 کے تحت عبدالمجید میر ولد عبدالرحیم میر، ساکن لشتِیال کلاروس کپوارہ کے خلاف دھوکہ دہی اور جعلسازی کے معاملے میں چارج شیٹ پیش کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ مقدمہ ایک تحریری شکایت کی بنیاد پر درج کیا گیا تھا، جس میں الزام عائد کیا گیا کہ ملزم نے شکایت کنندہ کے بیٹے کو سرکاری ملازمت دلانے کے بہانے لاکھوں روپے ناجائز طور پر وصول کیے۔ ملزم نے ایئرپورٹس اتھارٹی آف انڈیا کی جانب سے جاری کردہ مبینہ تقرری کا حکم نامہ بھی فراہم کیا، جو بعد میں جعلی اور فرضی پایا گیا۔
ترجمان نے کہا، "تحقیقات کے دوران الزامات درست ثابت ہوئے، جس کے بعد عدالتی فیصلے کے لیے متعلقہ عدالت کے سامنے چارج شیٹ پیش کردی گئی۔”
انہوں نے بتایا کہ ملزم کے خلاف وادیٔ کشمیر کے مختلف علاقوں میں 15 فوجداری مقدمات درج ہیں۔ اسے 18 جولائی 2026 کو گرفتار کیا گیا تھا اور وہ اس وقت سنٹرل جیل سری نگر میں بند ہے۔ الزام ہے کہ وہ معصوم لوگوں کو دھوکہ دینے اور ان سے فراڈ کرنے کے مقصد سے انتہائی بااثر شخصیات اور بیوروکریٹس کا روپ دھارتا تھا۔
ترجمان نے کہا، "عام لوگوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ معاشی فراڈ کرنے والوں سے محتاط رہیں اور ایسے کسی بھی واقعے کی اطلاع براہِ راست ایس ایس پی ،ای او ڈبلیو سری نگر (کرائم برانچ جموں و کشمیر) عبد الوحید شاہ کو دیں۔ اگر آپ معاشی فراڈ کا شکار ہوئے ہیں تو اپنی شکایت سرکاری ای میل [email protected] پر بھی بھیج سکتے ہیں۔”




