عمر عبداللہ سے معافی کا مطالبہ، 100 کروڑ روپے کے ہتکِ عزت کے دعوے کی وارننگ
سرینگر،: بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے پیر کے روز وزیرِ اعلیٰ عمر عبداللہ کو ایک قانونی نوٹس جاری کیا ہے، جس میں ان کے اس دعوے پر اعتراض کیا گیا ہے کہ بی جے پی کے ایک عہدیدار نے ان کی جماعت کے ایک ایم ایل اے کو پارٹی تبدیل کرنے کے لیے 20 سے 30 کروڑ روپے کی پیشکش کی تھی۔
نیوز ایجنسی کشمیر نیوز آبزرور (کے این او) کے مطابق، یہ نوٹس ایڈووکیٹ پریموکش سیٹھ نے اپنے مؤکل ست پال شرما (صدر بی جے پی جموں و کشمیر) کی جانب سے جاری کیا ہے، جس میں عمر عبداللہ کے الزامات کو "مکمل طور پر بے بنیاد، بدنیتی پر مبنی اور حقائق سے عاری” قرار دیا گیا ہے۔
نوٹس میں کہا گیا ہے: "یہ الزامات کسی بھی قسم کے حقائق یا ثبوت کے بغیر عائد کیے گئے ہیں۔ یہ الزامات سراسر جھوٹے ہیں اور جان بوجھ کر اور ارادتاً میرے مؤکل کی عوامی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی غرض سے لگائے گئے ہیں۔”
قانونی نوٹس میں عمر عبداللہ سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ تحریری طور پر اپنے الزامات واپس لیں اور سات دن کے اندر غیر مشروط عوامی معافی جاری کریں۔
نوٹس میں خبردار کیا گیا ہے: "اگر آپ مقررہ مدت کے اندر مذکورہ مطالبات پر عمل درآمد کرنے میں ناکام رہتے ہیں تو میرا مؤکل آپ کے خلاف مجاز عدالت میں مناسب دیوانی اور فوجداری کارروائی شروع کرنے پر مجبور ہوگا، جس میں ہتکِ عزت کے ازالے کے طور پر 100 کروڑ روپے تک کے ہرجانے کا دعویٰ، فوجداری مقدمہ برائے ہتکِ عزت، اور قانون کے تحت دستیاب دیگر تمام قانونی چارہ جوئی شامل ہوگی۔ اس کی تمام ذمہ داری، اخراجات اور نتائج آپ کے اپنے ذمے ہوں گے۔” (کے این او)





