جموں: جموں پولیس نے شہر کے قلب میں واقع ایک شو روم میں ہونے والے ایک ہائی پروفائل چوری کے معاملے میں بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے تقریباً 50 لاکھ روپیے مالیت کے مسروقہ سونے کے زیورات بر آمد کر لئے ہیں۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پولیس اسٹیشن پکا ڈنگا میں 20 ستمبر 2025 کو شانو منہاس نے شکایت درج کرائی کہ گیم چینجز شو روم پکا ڈنگا میں خریداری کے دوران ان کا پرس، جس میں سونے کے زیورات موجود تھے، چوری ہوگیا۔
انہوں نے کہا کہ اس شکایت کی بنیاد پر بی این ایس کے متعلقہ دفعات کے تحت ایک ایف آئی آر زیر نمبر108/2025 درج کیا گیا اور تحقیقات شروع کی گئیں۔
ان کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے دوران پولیس اسٹیشن پکا ڈنگا کی ایک ٹیم نے شوروم اور اطراف کے علاقوں کی سی سی ٹی وی فوٹیج کا باریک بینی سے تجزیہ کیا۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ فوٹیج میں دو غیر مقامی خواتین کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا جس کے بعد ملزمان کی تصاویر سوشل میڈیا، نیوز چینلز اور مختلف ریاستوں کے بس اڈوں اور بھیڑ بھاڑ والے عوامی مقامات پر وسیع پیمانے پر جاری کی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ سی ڈی آرز، لوکیشن ڈیٹا اور دیگر ڈیجیٹل شواہد کی تکنیکی جانچ پر مبنی مسلسل تفتیش کے نتیجے میں پولیس مدھیہ پردیش کے ضلع راج گڑھ تک پہنچی جہاں متعدد چھاپے مارے گئے۔ان کا کہنا ہے کہ کارروائیوں کے دوران تقریباً 50 لاکھ روپیے مالیت کے تمام مسروقہ سونے کے زیوارت کامیابی سے بر آمد کئے گئے تاہم ملزم خواتین کارروائی کے دوران فرار ہونے میں کامیاب ہوگئیں۔
بیان میں کہا گیا کہ ایک پولیس ٹیم ملزموں کی گرفتاری کے لئے موقع پر تعینات ہے جبکہ دوسری ٹیم بر آمدہ شدہ مال کے ساتھ جموں واپس آچکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں مزید تفتیش اور تلاشی کارروائیاں جاری ہیں۔





