ہفتہ, جنوری ۱۷, ۲۰۲۶
11.4 C
Srinagar

اونتی پورہ میں بھیڑ چوری کا معاملہ حل، ملزم گرفتار، مسروقہ بھیڑیں بر آمد:پولیس

سری نگر، : جموں وکشمیر پولیس نے جنوبی کشمیر کے اونتی پورہ میں بھیڑ چوری کے ایک معاملے کو حل کرکے ملزم کو گرفتار کیا ہے اور مسروقہ بھیڑیں بھی بر آمد کی ہیں۔
ایک پولیس ترجمان نے بتایا کہ پولیس پوسٹ ٹول پلازہ کو 15 جنوری 2026 کو نثار احمد کھانڈے ولد غلام حسن کھانڈے ساکن چرسو کی جانب سے ایک تحریری شکایت موصول ہوئی جس میں الزام لگایا گیا کہ 14 اور 15 جنوری کی درمیانی شب نا معلوم افراد نے اس کے باڑے سے بھیڑیں چرا لی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن اونتی پورہ میں متعلقہ دفعات کے تحت زیر ایف آئی آر نمبر22/2026 ایک مقدمہ درج کیا گیا اور تحقیقات شروع کی گئیں۔
ان کا کہنا ہے کہ دوران تحقیقات پولیس ٹیم نے جدید تفتیشی طریقے اپنائے جن میں مختلف مقامات سےسی سی ٹی وی فوٹیج کی جانچ اور تجزیہ شامل تھا۔
موصوف ترجمان نے بتایا کہ ان کوششوں کے نتیجے میں ملزم محمد خالد ولد محمد اکبر ساکن گوندا واس راجوری کی شناخت ہوئی اور اس کو گرفتار کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ مسلسل پوچھ گچھ کے دوران ملزم نے جرم میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا اور اس کے انکشاف پر پانچ مسروقہ بھیڑیں بر آمد کی گئیں اور اس کے علاوہ واردات میں استعمال ہونے والی گاڑی زیر رجسٹریشن نمبر JK13G -6966 کو بھی ضبط کیا گیا۔
ان کا کہنا ہے کہ ملزم اس وقت پولیس تحویل میں ہے اور تفتیش آگے بڑھنے کے ساتھ مزید گرفتاریوں اور بر آمدگیوں کی توقع ہے۔

Popular Categories

spot_imgspot_img