سری نگر،: منشیات کے خلاف کارروائیوں کو جاری رکھتے ہوئے سری نگر پولیس نے 2 کروڑ روپیے مالیت کی غیر منقولہ جائیداد کو این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت منسلک کر دیا۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ سری نگر پولیس نے این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت تقریباً 2 کروڑ روپیے مالیت کی ایک کنال اراضی کے ساتھ تین منزلہ رہائشی مکان کو منسلک کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ ملکیت فیاض احمد بٹ ولد غلام محمد بٹ ساکن شالہ ٹنیگ کی تحویل میں ہے جو بد نام زمانہ منشیات فروش منظور احمد بٹ ساکن شالہ ٹینگ کا والد ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ملزم پولیس اسٹیشن پارمپورہ میں درج این ڈی پی ایس ایکٹ کے متعلقہ دفعات زیر ایف آئی آر نمبر 98/2025 میں ملوث ہے۔
موصوف ترجمان نے بتایا کہ تحقیقات کے دوران ثابت ہوا کہ مذکورہ جائیداد منشیات کے کاروبار سے حاصل کی گئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ ان نتائج پر کارروائی کرتے ہوئے مجاز اتھارٹی نے این ڈی پی ایس ایکٹ کے 68 – ایف سیکشن کے تحت اٹیچمنٹ کا حکم صادر کیا۔
ان کا کہنا ہے کہ اٹیچمنٹ کی کارروائی ایگزیکیٹو مجسٹریٹ اور آزاد گواہوں کی موجودگی میں انجام دی گئی۔
بیان میں کہا گیا کہ مالک کو اب اس جائیداد کو فروخت، منتقل، تبدیل کرنے یا کسی تیسرے فریق کے نام کرنے کی اجازت نہیں ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ سری نگر پولیس منشیات کے نیٹ ورک کو تباہ کرنے کے لئے پر عزم ہے۔





