پیر, دسمبر ۱, ۲۰۲۵
12.7 C
Srinagar

اودھم پور میں سال رواں کے پہلے 11 مہینوں میں 199 منشیات فروش گرفتار، کروڑوں روپیوں کی جائئداد ضبط: پولیس

جموں:  منشیات کے خلاف جنگ کو وسیع پیمانے پر جاری رکھتے ہوئے اودھم پور پولیس نے ضلع میں سال رواں کے پہلے 11 مہینوں کے دوران این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت 140 مقدمے درج کرکے 199 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا ہے اور کروڑوں روپیے مالیت کی جائیداد کو ضبط کر دیا ہے۔

ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ اودھم پور پولیس نے جنوری 2025 سے نومبر 2025 تک ضلع بھر میں منشیات مخالف کارروائیوں کو تیز کرکے 140 مقدمے درج کئے ہیں جن میں 199 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ گرفتار شدگان میں سے 180 ملزموں کو این ڈی پی ایس ایکٹ جبکہ 19 کو پی آئی ٹی این ڈی پی ایس/پی ایس اے کے تحت گرفتار کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ سخت قانونی اقدامات کے تحت منشیات اسمگلنگ میں استعمال ہونے والی 68 گاڑیاں ضبط کی گئیں جبکہ 11 میڈیکل/ فارمیسی دکانیں ایچ 1 ادویات سے متعلق خلاف ورزیوں پر سیل کر دی گئیں۔پولیس ترجمان نے بتایا کہ ضبط شدہ منشیات کی بلیک مارکیٹ مالیت تقریباً 9.68 کروڑ روپیے ہے۔

انہوں نے کہا کہ ضبط شدہ منشیات میں 1 کلو 347 گرام ہیروئن، 2 کلو 310 گرام چرس، 228 کلو 231 گرام پوست کا بھوسہ اور 1 کلو 64 گرام گانجہ شامل ہے۔ان کا کہنا ہے کہ علاوہ ازیں پنچاری علاقے میں 2 کنال 10 مرلہ رقبے پر زیر کاشت غیر قانونی افیون کو تباہ کیا گیا۔

پولیس ترجمان نے بتایا کہ مالیاتی شکنجے کے سلسلے میں منشیات فروشوں کے 56 بینک کھاتے منجمد کئے گئے جن میں مجموعی رقم 17 لاکھ 59 ہزار 8 سو 93 روپیے تھی۔انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ 16.50 کروڑ روپیے مالیت کی جائیداد جن میں 15 رہائشی مکان، 2 دکانیں، 1 فلیٹ، 44 گاڑیاں، 4 سیونگ اکائونٹ اور 5 کنال 6 مرلہ زمین شامل ہے، کو این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت منسلک کر دیا گیا۔

بیان میں کہا گیا کہ عدالتی کارروائیوں کے محاذ پر 51 مقدمات میں 64 افراد کو سزا سنائی گئی جو اودھم پور پولیس کی موثر تفتیش اور قانونی پیروی کا عکاس ہے۔
انہوں نے کہا کہ علاوہ ازیں چننی میں 5 دکانیں اور 1 رہائشی مکان جو منشیات کے کاروبار کی رقم سے غیر قانونی طور پر تعمیر کئے گئے تھے، منہدم کدئے گئے۔

Popular Categories

spot_imgspot_img