جمعہ, نومبر ۲۱, ۲۰۲۵
13.4 C
Srinagar

جی-20 سمٹ کے لیے مودی جنوبی افریقہ کے لیے روانہ

نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی جی -20 سربراہی اجلاس میں شرکت کے لئے جمعہ کی صبح تین روزہ دورے پر جنوبی افریقہ روانہ ہوگئے۔جنوبی افریقہ روانگی سے قبل مسٹر مودی نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ جی-20 چوٹی کانفرنس پہلی بار کسی افریقی ملک میں منعقد ہو رہی ہے، اس لیے اس کی بہت اہمیت ہے اور یہ کہ وہ اس چوٹی کانفرنس میں "وسودھیو کٹمبکم” کے نقطہ نظر کی بنیاد پر ہندوستان کی بات رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ عالمی مسائل پر بات کرنے کا ایک اچھا موقع ہوگا اور وہ اس سربراہی اجلاس میں شرکت اور بہت سے عالمی رہنماؤں کے ساتھ بات چیت کے منتظر ہیں۔

یہ مسٹر مودی کا جنوبی افریقہ کا چوتھا سرکاری دورہ ہے، جو جنوبی افریقہ کے صدر سیرل رامافوسا کی دعوت پر جوہانسبرگ کا سفر کر رہے ہیں۔مسٹر مودی نے کہا، "یہ ایک خاص چوٹی کانفرنس ہوگی کیونکہ یہ افریقہ میں منعقد ہونے والا پہلا جی-20 سربراہی اجلاس ہوگا۔ افریقی یونین 2023 میں جی-20 کی ہندوستان کی صدارت کے دوران جی-20 کا رکن بنا تھا۔”

انہوں نے کہا کہ یہ سربراہی اجلاس اہم عالمی مسائل پر بات چیت کا موقع ہوگا۔ اس سال کے جی20 کا تھیم "یکجہتی، مساوات اور پائیداری” ہے جس کے ذریعے جنوبی افریقہ نے ہندوستان اور برازیل میں ہونے والی پچھلی سربراہی کانفرنسوں کے نتائج کو آگے بڑھایا ہے۔ انہوں نے کہا، "میں کانفرنس میں ‘وسودھیو کٹمبکم’ اور ‘ایک زمین، ایک خاندان اور ایک مستقبل’ کے ہمارے وژن کے حساب سے ہندوستان کا نقطہ نظر پیش کروں گا۔”

وزیر اعظم نے کہا کہ وہ رکن ممالک کے رہنماؤں کے ساتھ بات چیت اور چوٹی کانفرنس کے موقع پر ہندوستان، برازیل اور جنوبی افریقہ کے اہم پلیٹ فارم (آئی بی ایس اے) میٹنگ میں شرکت کے منتظر ہیں۔

مسٹر مودی نے کہا کہ اس دوران وہ جنوبی افریقہ میں رہنے والے ہندوستانی کمیونٹی کے ارکان سے بھی بات چیت کریں گے۔
قابل ذکر ہے کہ جوہانسبرگ میں ہفتہ اور اتوار کو جی 20 ممالک کے لیڈرز کا 20 واں اجلاس ہو رہا ہے۔ یہ مسلسل چوتھا سال ہے کہ جی 20 سربراہی اجلاس کسی ترقی پذیر ملک میں منعقد ہو رہا ہے۔

جی20 کے اراکین میں دنیا کی بڑی معیشتیں شامل ہیں، جو عالمی جی ڈی پی کا 85 فیصد، بین الاقوامی تجارت کا 75 فیصد، اور دنیا کی دو تہائی آبادی کی نمائندگی کرتی ہیں۔جی20 میں 19 ممالک (ارجنٹینا، آسٹریلیا، برازیل، کناڈا، چین، فرانس، جرمنی، ہندستان، انڈونیشیا، اٹلی، جاپان، جمہوریہ کوریا، میکسیکو، روس، سعودی عرب، جنوبی افریقہ، ترکی، یونائیٹڈ کنگڈم اور امریکہ)، یورپی یونین اور 2023 سے، افریقی یونین شامل ہیں۔

Popular Categories

spot_imgspot_img