سری نگر،: وادی کشمیر میں گرچہ موسم خشک ہے تاہم بیشترعلاقوں میں شبانہ درجہ حرارت مسلسل نقطہ انجماد سے نیچے درج ہونے کی وجہ سے ٹھٹھرتی سردیوں کا زور جاری ہے۔
محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی0.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
واضح رہے کہ سری نگر میں 15 نومبر کی رات سرد ترین رات ریکارڈ ہوئی تھی جب شبانہ درجہ حرارت منفی2.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی2.5 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام گلمرگ میں شبانہ درجہ حرارت 1.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی1.2 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی1.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق وادی میں ماہ رواں کے اختتام تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ وادی میں آنے والے دنوں کے دوران درجہ حرارت میں مزید گراوٹ متوقع ہے۔





