جموں:جموں و کشمیر پولیس کی کاؤنٹر انٹیلی جنس ونگ (سی آئی کے) نے بدھ کی صبح ہائی سکیورٹی کوٹ بلوال جیل کے اندر چھاپہ مارا۔ذرائع نے بتایا کہ چھاپے کے دوران جیل کے متعدد بلاکس، ہائی رسک سیلز، ریکارڈ رومز اور مشتبہ قیدیوں کے کمروں کی باریک بینی سے تلاشی لی جا رہی ہے۔
کوٹ بلوال جیل میں پاکستانی اور مقامی خطرناک دہشت گرد، لشکر و جیش کے سخت گیر کیڈرز، اور بدنامِ زمانہ مجرم قید ہیں، جس کے باعث یہ کارروائی سیکیورٹی ایجنسیوں کے لیے انتہائی حساس اور اہمیت کی حامل ہے۔
یہ کارروائی اسی سلسلے کو آگے بڑھاتی ہے جس کا آغاز اس وقت ہوا جب حال ہی میں ایک ’وائٹ کالر‘ دہشت گرد گروہ—جس میں مبینہ طور پر چند ڈاکٹر بھی شامل تھے—کو بے نقاب کیا گیا اور پھر 10 نومبر کو لال قلعہ دہلی کے قریب کار دھماکے نے مزید سنگینی پیدا کر دی۔ سیکیورٹی ایجنسیوں کو شبہ ہے کہ کچھ اشارے جیل کے اندر موجود قیدیوں سے بھی جڑ سکتے ہیں۔آخری اطلاعات موصول ہونے تک چھاپہ مار کارروائیوں کا سلسلہ جاری تھا۔ اس سلسلے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔





