سری نگر: منشیات کے خلاف مہم کو جاری رکھتے ہوئے جموں و کشمیر پولیس نے جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں ایک ٹن شیڈ سے بھاری مقدار میں منشیات بر آمد کرکے ملزم کو گرفتار کیا ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے بتایا کہ پولیس پوسٹ ویری ناگ کو ایک مصدقہ اطلاع موصول ہوئی کہ مختار احمد حاجی ولد غلام رسول حاجی ساکن بونہ گنڈ ویری ناگ نے اپنی رہائش گاہ کے نزدیک ایک ٹن شیڈ میں بھنگ جیسا ممنوعہ مواد چھپا رکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس اطلاع پر فوری کارروائی کرتے ہوئے پولیس اسٹیشن ڈورو میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے متعلقہ دفعات کے تحت ایک ایف آئی آر زیر نمبر 110/2025 درج کیا گیا اور تحقیقات شروع کی گئیں۔
ان کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے دوران ایک پولیس ٹیم نے ایگزیکٹیو مجسٹریٹ ڈورو، لمبر دار اور متعلقہ چوکی دار کے ہمراہ متشبہ ٹن شیڈ کی تلاشی لی۔موصوف ترجمان نے بتایا کہ تلاشی کے دوران ایک نائلون بیگ بر آمد کیا گیا جس میں بھنگ جیسا مواد رکھا گیا تھا جو نیم خشک اور نیم پیسا ہوا تھا۔انہوں نے کہا کہ بر آمد شدہ منشیات کا کل وزن 5 کو 180 گرام تھا۔
ان کا کہنا ہے کہ ضبط شدہ مواد کو ایگزیکیٹو مجسٹریٹ کی موجودگی میں موقع پر ہی با قاعدہ سیل کر دیا گیا اور ملزم کو گرفتار کیا گیا۔پولیس ترجمان نے بتایا کہ اس سلسلے میں مزید تحقیقات جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اننت ناگ پولیس معاشرے سے منشیات کی بیخ کنی کے لئے پر عزم ہے۔





