حیدرآباد: مکہ سے مدینہ جانے والی ایک بس کے پیر کی صبح ایک ڈیزل ٹینکر سے تصادم کے نتیجہ میں بڑا حادثہ پیش آیا، جس میں کم از کم 42 عمرہ زائرین کے جاں بحق ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ان میں بیشتر کا تعلق حیدرآباد کے ملے پلے اوربازارگھاٹ علاقوں سے ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق یہ حادثہ صبح ہندوستانی معیار وقت کے مطابق دیڑھ بجے کے قریب مفرحات مقام کے قریب پیش آیا۔اس حادثہ کے وقت مسافرین سورہے تھے۔
بس میں 43 مسافر سوار تھے، جن میں سے صرف ایک شخص کے زندہ بچنے کی اطلاع ہے۔ واحد زندہ بچ جانے والے شخص کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں بیشتر کا تعلق حیدرآباد سے ہے اور اس گروپ میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق 43 مسافروں میں تقریباً 20 خواتین اور 11 بچے موجود تھے۔
لاشوں کی شناخت کاکام کیاجارہا ہے۔حج کمیٹی کے ترجمان نے بتایا کہ مرکزی حکومت سے اس سلسلہ میں سرکاری طورپروضاحت کاانتظارہے۔انہوں نے کہاکہ ا س بات کا بھی پتہ چلانے کی کوشش کی جارہی ہے کہ جاں بحق ہونے والوں میں حیدرآباد کے علاوہ تلنگانہ سے بھی کوئی ہے۔
زائرین مکہ میں عمرہ کی ادائیگی مکمل کرکے مدینہ کی جانب سفر کر رہے تھے کہ یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ حادثہ کے وقت بیشتر مسافر سو رہے تھے۔
مقامی ذرائع نے 42 اموات کی اطلاع دی ہے، تاہم حکام ہلاکتوں کی درست تعداد کی تصدیق اور زخمیوں کی حالت کا جائزہ لے رہے ہیں۔ ریسکیو ٹیمیں جائے حادثہ پر امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں اور مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔
حادثہ کی وجہ کے بارے میں تاحال کوئی بیان جاری نہیں ہوا۔
یواین آئی





