جموں: منشیات کے خلاف سخت کارروائیوں کو جاری رکھتے ہوئے جموں وکشمیر پولیس نے ضلع اودھم پور میں دو بین ضلعی منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے ہیروئن جیسا ممنوعہ مواد بر آمد کیا ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے بتایا کہ پولیس اسٹیشن مجالتہ کی ایک ٹیم نے ناکہ چیکنگ کے دوران ایک آٹو زیر رجسٹریشن نمبر JK02DC – 5270 کو روکا جو رام کوٹ سے خون کی طرف آ رہا تھا اور اس آٹو میں دو افراد سوار تھے۔
انہوں نے کہا کہ تلاشی کے دوران ان کی تحویل سے10.7 گرام ہیروئن بر آمد کیا گیا جس کے بعد دونوں کو موقع پر ہی گرفتار کیا گیا۔
گرفتار شدگان کی شناخت وکی بھگت ولد مدن لال ساکن رام کوٹ کٹھوعہ اور وشال سنگھ ولد جوگندر سنگھ ساکن رام کوٹ کٹھوعہ کے طور پر کی گئی ہے۔پولیس ترجمان نے بتایا کہ اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن مجالتہ میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت زیر ایف آئی آر نمبر92/2025 ایک مقدمہ درج کیا گیا اور مزید تحقیقات شروع کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ ان دو گرفتاریوں کے ساتھ ضلع میں سال رواں کے دوران گرفتار کئے جانے والے منشیات فروشوں کی تعداد 166 تک پہنچ گئی۔




