سری نگر: شدید سردیوں کے بیچ محکمہ موسمیات نے وادی کشمیر میں اگلے 3 دنوں کے دوران موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ وادی میں 12 سے 15 نومبر تک موسم عام طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ 16 نومبر کو موسم مجموعی طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے اور اس دوران دو پہر کے بعد پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری متوقع ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ 17 سے 19 نومبر تک موسم ایک بار پھر خشک رہنے کا امکان ہے تاہم 20 نومبر کو موسم مجموعی طور پر ابر آلود جبکہ 21 سے 23 نومبر تک مجموعی یا جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔
محکمے نے اپنی ایڈوائزری میں کسانوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنے کھیت کھلیانوں اور باغوں میں کام جاری رکھ سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وادی میں 17 سے 20 نومبر تک درجہ حرارت میں بہتری درج ہونے کا امکان ہے تاہم اس کے بعد درجہ حرارت میں گراوٹ متوقع ہے۔





