سری نگر: جموں و کشمیر حکومت نے اسمبلی میں بتایا ہے کہ گذشتہ ایک سال کے دوران مختلف محکموں کی جانب سے 10,894 اسامیاں جموں و کشمیر سروس سلیکشن بورڈ (جے کے ایس ایس بی) کو بھیجی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان میں سے 3,057 اسامیاں اشتہار کے مرحلے پر یا جلد مشتہر ہونے والی ہیں، 1,164 اسامیوں کے اشتہارات فعال ہیں، 6,099 اسامیاں امتحان کے مرحلے میں ہیں، جبکہ 574 اسامیاں انتخاب کے آخری مرحلے میں ہیں۔
یہ تفصیلات اسمبلی میں رکن اسمبلی سنیل کمار شرما کے ایک سوال کے جواب میں حکومت کی جانب سے پیش کی گئیں۔
موصوف رکن اسمبلی کے سوال کے تحریری جواب میں حکومت نے کہا: ‘اب جموں وکشمیر سروسز سلیکشن بورڈ پورا امتحانی عمل خود کراتا ہے، جو پہلے منتخب ایجنسیوں کے ذریعے انجام دیا جاتا تھا۔ بورڈ نے سال 2024 میں 5,653 اور 2025 میں 763 اسامیوں پر بھرتیاں مکمل کی ہیں، جب کہ باقی زیر التواء تقرریوں کو جلد مکمل کیا جائے گا۔
حکومت نے بتایا کہ بھرتی کے عمل کو تیز تر اور شفاف بنانے کے لیے کئی اہم اقدامات کیے گئے ہیں۔ جموں و کشمیر سروسز سلیکشن بورڈ اور پبلک سروس کمیشن کو اضافی افرادی قوت، جدید ٹیکنالوجی اور سادہ طریقہ کار کے ذریعے مضبوط کیا گیا ہے تاکہ امتحانات بروقت منعقد ہوں۔
حکومت کے جواب میں مزید کہا گیا کہ پورا بھرتی عمل مکمل طور پر منصفانہ، شفاف اور وقت بند نظام کے تحت کیا جا رہا ہے۔ تمام بھرتی ایجنسیوں کو مقررہ ٹائم لائنز پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
حکومت نے یہ بھی بتایا کہ ایک مؤثر مانیٹرنگ میکنزم قائم کیا گیا ہے تاکہ بھرتی کے پورے عمل کو معیاری، شفاف اور تیزتر بنایا جا سکے۔





