سری نگر: پی ڈی پی لیڈر اور رکن اسمبلی وحید پرہ نے جموں و کشمیر حکومت پر پسماندہ علاقوں کے رہائشیوں (آر بی اے) کے کوٹہ کو کم کرنے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام کشمیریوں کو کمزور کرنے کی ایک کوشش ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ اقدام اس کوٹے پر حملہ ہے جو بنیادی طور پر کشمیری نمائندگی کا تحفظ کرتا ہے۔
موصوف لیڈر نے ان باتوں کا اظہار جمعہ کو ‘ایکس’ پر اپنے ایک پوسٹ میں کیا۔
انہوں نے کہا: ‘جموں وکشمیر کی کابینی سب کمیٹی کا ‘ریشنالائزیشن’ پر آر بی اے کوٹہ کم کرنے کا فیصلہ کشمیریوں کو کمزور کرنے کی ایک سوچی سمجھی کوشش ہے’۔
ان کا کہنا ہے: ‘ یہ اقدام اس کوٹے پر حملہ ہے جو بنیادی طور پر کشمیری نمائندگی کا تحفظ کرتا ہے’۔
انہوں نے پوسٹ میں کہا: ‘اس کی تائید کرکے وزیر اعلیٰ برابری کا دفاع نہیں کر رہے ہیں بلکہ با اختیاری کے خاتمے کے ایجنڈے کو آگے بڑھا رہے ہیں’۔
وحید پرہ نے اپنے ایک اور پوسٹ میں کہا: ‘کشمیریوں نے عمر عبداللہ کو اپنے حقوق کے دفاع کے لئے ایک تاریخی منڈیٹ دیا تھا لیکن وہ دہائیوں میں سب سے زیادہ کشمیر مخالف فیصلے کے ساتھ کھڑے ہیں’۔
انہوں نے کہا: ‘نئی ریزرویشن اسکیم کشمیری نمائندگی کو کمزور کرنے کا ایک سیاسی منصوبہ ہے’۔
رکن اسمبلی نے کابینی سب کمیٹی کو رپورٹ جاری کرنے کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے کہا: ‘ہم کابینی سب کمیٹی کی رپورٹ کے فوری اجرا کا مطالبہ کرتے ہیں، شیخ محمد عبداللہ نے جس مشن کا آغاز کشمیریوں کی با ختیاری کے لئے کیا تھا آج ان کی اپنی جماعت ہی ایک غیر قانونی بی جے پی زیر اثر ریزرویشن پالیسی کا دفاع کرکے اسی مشن کو الٹا رہی ہے’۔