سری نگر: فراری ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کی کوششوں کو جاری رکھتے ہوئے کولگام پولیس نے این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت مقدمات میں ملوث دو افراد کو گرفتار کیا ہے جو کئی برسوں سے گرفتاری سے بچ رہے تھے۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ کولگام پولیس نے این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت دو ایسے افراد کو گرفتار کیا ہے جو کئی برسوں سے مفرور تھے۔
انہوں نے کہا کہ اعجاز احمد شیخ ولد غلام قادر شیخ ساکن نسو بدر گنڈ جو پولیس اسٹیشن قاضی گنڈ میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے متعلقہ دفعات کے تحت درج ایف آئی آر زیر نمبر107/2005 میں مطلوب تھا، کو جے کے بینک قاضی گنڈ کے قریب گرفتار کیا گیا۔
ان کا کہنا ہے کہ ملزم تقریباً 20 برسوں سے گرفتاری سے بچ رہا تھا۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ ایک اور ملزم بلال احمد گنائی ولد غلام نبی گنائی ساکن لالن گنور کولگام حال لیوڈورہ نزدیک ریلوے برج قاضی گنڈجو پولیس اسٹیشن قاضی گنڈ میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت درج زیر ایف آئی آر نمبر223/2006 میں مطلوب تھا، کو گرفتار کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ ملزم گذشتہ 19 برسوں سے مفرور تھا۔
ان کا کہنا ہے کہ دونوں ملزمان طویل عرصے سے گرفتاری سے بچ رہے تھے تاہم اب انہیں پولیس نے گرفتار کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان کی گرفتاری کولگام پولیس کی ان مسلسل کوششوں کا نتیجہ ہے جو طویل عرصے سے فرار مجرموں خصوصاً منشیات کے مقدمات میں ملوث افراد کو گرفتار کرنے کے لئے جاری ہیں۔