سری نگر: پولیس کا کہنا ہے کہ کالعدم تنظیموں کے خلاف کارروائیوں کو جاری رکھتے ہوئے سری نگر میں کالعدم جماعت اسلامی اور حریت کانفرنس سے وابستہ افراد کے گھروں پر تلاشی کارروائیاں انجام دی گئیں۔
ایک پولیس ترجمان نے بتایا کہ سری نگر پولیس نے پیر کو کئی مقامات پر مربوط تلاشی کارروائیاں انجام دیں جو مبینہ طور پر کالعدم جماعت اسلامی اور حریت کانفرنس سے وابستہ افراد سے منسلک تھیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ تلاشی کارروائیاں چار افراد کے گھروں پر انجام دی گئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ تلاشی کارروائیاں مکمل طور پر قانونی تقاضوں کے مطابق انجام دی گئیں اور اس دوران مختلف مواد جس میں لٹریچر اور تصاویر شامل ہیں، جو مبینہ طور پر کالعدم علاحدگی پسند تنظیموں سے منسلک تھیں، کو ضبط کیا گیا۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ یہ اقدامات وادی میں دہشت گردی اور علاحدگی پسندی کے ڈھانچے کو ختم کرنے کے لئے ایک وسیع مہم کا حصہ ہیں جس کا مقصد ان کے معاون نیٹ ورکس اور ڈھانچوں کو ختم کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سری نگر پولیس امن و امان قائم رکھنے کے لئے پر عزم ہے اور وہ غیر قانونی اور قوم مخالف سرگرمیوں میں ملوث افراد اور گروہوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے گی۔