پیر, اکتوبر ۱۳, ۲۰۲۵
21.6 C
Srinagar

جموں وکشمیر کا مستقبل بی جے پی کے ہاتھوں میں محفوظ ہے: ڈاکٹر جیتندرا سنگھ

سری نگر: مرکزی وزیر ڈاکٹر جیتندرا سنگھ کا کہنا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کو یقین ہے کہ جموں وکشمیر کے اس کے تینوں امیدوار راجیہ سبھا انتخابات میں کامیابی حاصل کریں گے۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی ایک جمہوری پارٹی ہے اور جمہوریت میں یقین رکھتی ہے۔مرکزی وزیر نے ان باتوں کا اظہار پیر کو یہاں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا: ‘بی جے پی کے تین امیدواروں نے راجیہ سبھا انتخابات کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرائے اور مجھے یقین ہے کہ یہ تینوں امید وار کامیابی حاصل کرکے راجیہ سبھا میں جائیں گے’۔

ان کا کہنا تھا: ‘یہ تینوں امید وار تجربہ کار ہیں اور طویل عرصے سے عوام کے درمیان اپنا کام کر رہے ہیں’۔
ڈاکٹر سنگھ نے کہا کہ بی جے پی ایک جمہوری پارٹی ہے اور جمہوری قدروں میں یقین رکھتی ہے۔
انہوں نے کہا: ‘جموں وکشمیر کا مستقبل اگر محفوظ اور خوشحال ہے تو وہ بی جے پی کے ہاتھوں میں ہے اور وزیر اعظم نریندر مودی کی رہنمائی میں ہے’۔

ان کا کہنا تھا: ‘وزیر اعظم نے گذشتہ 11 برسوں سے جموں وکشمیر کو سب سے زیادہ ترجیح دے رکھی ہے’۔
مرکزی وزیر نے کہا: ‘سال 2014 میں جب یہاں سیلاب آیا تو وزیر اعظم یہاں بار بار آئے اور انہوں نے بطور وزیر اعظم پہلی دیوالی یہیں گذاری’۔

انہوں نے کہا: ‘آنے والی نسلوں کی بہبودی کے لئے ضروری ہے کہ بی جے پی کے لیڈروں کو راجیہ سبھا میں بھیجا جائے’۔

Popular Categories

spot_imgspot_img