پیر, اکتوبر ۶, ۲۰۲۵
10.4 C
Srinagar

عمر عبداللہ نے69 ویں نیشنل اسکول گیمز 2025 کا باضابطہ افتتاح کیا

سری نگر: جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے پیر کی صبح یہاں ٹی آر سی گرائونڈ میں برستی بارش کے بیچ 69 ویں نیشنل اسکول گیمز 2025 کا باضابطہ افتتاح کیا۔

اس موقع پر وزیر برائے یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس ستیش شرما، وزیر اعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی اور رکن اسمبلی سونہ وار احسان پر دیسی بھی موجود تھے۔

وزیر اعلیٰ نے ان کھیلوں میں شریک ہونے والی تمام ٹیموں اور ان کی منیجمنٹ کا والہانہ استقبال کیا اور ان کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ ‘اگر موسم کی وجہ سے کھلاڑیوں کو گرم کپڑے دستیاب نہ ہونے میں پریشانی ہو رہی ہے تو براہ کرم میری ٹیم سے رابطہ کریں، میں جو بھی ممکن ہوگا وہ کروں گا’۔

عمر عبداللہ نے امید ظاہر کی کہ کھلاڑیوں ان کھیلوں میں پورے جوش و جذبے کے ساتھ حصہ لیں گے۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق موسم صرف دو دن خراب رہ سکتا ہے جس کے بعد موسم ٹھیک ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ کسی کھیل کا جیتنا اتنا اہم نہیں ہے جتنا اس میں حصہ لینا اہم ہے۔

حکام کے مطابق ان کھیلوں میں ملک بھر سے 4 ہزار سے زیادہ نوجوان کھلاڑی فٹ بال، وو شو،تائیکانڈر اور ٹیبل ٹنس کے مقابلوں میں حصہ لیں گے۔

محکمہ یوتھ سروسز اور اسپورٹس کے ایک بیان مطابق، تقریبات کا انعقاد سری نگر اور جموں کے مختلف مقامات پر کیا جائے گا۔

حکام نے بتایا کہ کھیلوں کے اس ایونٹ میں 14 سال کی عمر سے کم، 17 سال کی عمر سے کم اور 19 سال کی عمر سے کم کے کھلاڑی کھیلوں کے مختلف زمروں میں مقابلہ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ 19 سال کی کم عمر کے کھلاڑیوں کے لئے فٹ بال ایونٹ 6 تا 10 اکتوبر تک پولو گراؤنڈ، ٹی آر سی سری نگر، ایس پی کالج، کشمیر یونیورسٹی، جی سی او پی ای گاندربل اور گرین ویلی سری نگر سمیت متعدد مقامات پر منعقد کیا جائے گا۔

حکام کا کہنا ہے کہ اس کے بعد 17 سے کم عمر کے کھلاڑیوں کے لیے ووشو چیمپیئن شپ 28 اکتوبر سے یکم نومبر تک انڈور اسپورٹس کمپلیکس اور انڈور کمپلیکس پلے گرائونڈ میں منعقد کی جائے گی۔

قابل ذکر ہے کہ نیشنل اسکول گیمز، جو اسکول گیمز فیڈریشن آف انڈیا کے زیراہتمام اور وزارت برائے امورِ نوجوانان اور کھیل کے تعاون سے منعقد کئے جاتے ہیں، ملک کا اسکول سطح کا سب سے بڑا کھیل ایونٹ ہے۔

یہ قومی اور بین الاقوامی کھیلوں کے مقابلوں کے لیے ایک بنیادی فیڈر سسٹم کے طور پر کام کرتا ہے، جس میں ملک کے بہت سے مشہور ایتھلیٹس نے اسی جگہ سے اپنے سفر کا آغاز کیا ہے۔

Popular Categories

spot_imgspot_img