سری نگر،: منشیات کے خلاف کریک ڈاؤن کو جاری رکھتے ہوئے پولیس نے شمالی کشمیر کے قصبہ سوپور میں دو منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے براؤن شوگر جیسا ممنوعہ مواد بر آمد کیا ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پولیس اسٹیشن ڈنگی وچھی کی ایک ٹیم نے ہبڈانگر پورہ کراسنگ پر ایک ناکہ چیکنگ کے دوران دو منشیات فروشوں کو دھر لیا۔
انہوں نے کہا کہ تلاشی کے دوران ان کی تحویل سے براؤن شوگر جیسا ممنوعہ مواد بر آمد کیا گیا جس کے بعد دونوں کو موقع پر ہی گرفتار کیا گیا۔
گرفتار شدگان کی شناخت بشیر احمد خان ولد عبد الحمید خان ساکن نور باغ سوپور اور سہیل احمد زرگر ولد بشیر احمد زرگر ساکن بہرام پورہ رفیع آباد کے طور پر کی گئی ہے۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ اس ضمن میں پولیس اسٹیشن ڈنگی وچھی میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت زیر ایف آئی آر نمبر107/2025 ایک مقدمہ درج کیا گیا اور مزید تحقیقات شروع کی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ سوپور پولیس منشیات فروشی کے خلاف زیرو ٹالیرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے اور عوام سے منشیات کی سرگرمیوں کے متعلق جانکاری فراہم کرنے کی اپیل کرتی ہے۔
کٹھوعہ میں منشیات فروش گرفتار، ہیروئن جیسا مواد بر آمد: پولیس
منشیات کے خلاف مسلسل کوششوں کو جاری رکھتے ہوئے پولیس نے ضلع کٹھوعہ میں ایک منشیات فروش کو گرفتار کرکے اس کی تحویل سے ہیروئن جیسا مواد بر آمد کیا ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پولیس پوسٹ انڈسٹریل اسٹیٹ کٹھوعہ کی ایک ٹیم نے ایک مصدقہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے برمورا علاقے میں ایک خصوصی ناکے اور چیکنگ کے دوران ایک شخص کو دھر لیا۔
انہوں نے کہا کہ تلاشی کے دوران اس کی تحویل سے تقریباً 6 گرام ہیروئن جیسا ممنوعہ مواد بر آمد کیا جس کے بعد اس کی بر سر موقع ہی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔
ملزم کی شناخت محمد انجم ولد بن یامن ساکن جگت پور کٹھوعہ کے طور پر کی گئی ہے۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ اس ضمن میں پولیس اسٹیشن کٹھوعہ میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت زیر ایف آئی آر نمبر 474/2025 ایک مقدمہ درج کیا گیا اور مزید تحقیقات شروع کی گئیں۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ منشیات سے متعلق کسی بھی سرگرمی کی اطلاع پولیس کو دیں۔