سری نگر: ضلع مجسٹریٹ سری نگر اکشے لبرو کا کہنا ہے کہ شہر میں ٹریفک کےبندوبست کو بہتر بنانے اور بھیڑ بھاڑ کو کم کرنے کے لیے سائنسی طریقے پر استوار عملی منصوبے کو حتمی شکل دینے کے لیے ایک میٹنگ میں غور و خوض کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ سری نگر جیسے شہر میں ٹریفک کو صرف چند چھوٹی تدابیر سے کم نہیں کیا جا سکتا ہے۔ موصوف ضلع مجسٹریٹ نے ان باتوں کا اظہار منگل کو یہاں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا: ‘سری نگر جیسے شہر میں ٹریفک کو صرف چند چھوٹی تدابیر سے کم نہیں کیا جا سکتا ہے، تمام لائن ڈپارٹمنٹس چاہے وہ ٹریفک پولیس ہوں، ریونیو، آر اینڈ بی، ایس ایم سی، ایل سی ایم اے یا ایس ڈی اے ہوں کو اکٹھے ہونے اور مشترکہ ایکشن پلان تیار کرنے کی ضرورت ہے’۔
ان کا کہنا ہے کہ ایک وژن نہیں بلکہ مختصر مدت، وسط مدتی اور طویل مدتی اقدامات کے ساتھ ایک عملی منصوبہ کو عملی جامہ پہنانے کی ضرورت ہے۔
اکشے لبرو نے کہا کہ اگلے 10 دنوں میں پلان کو حتمی شکل دے کر مجاز اتھارٹی،صوبائی کمشنر اور حکومت کو پیش کر دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اس کے بعد ہی عمل درآمد شروع ہو گا، تاکہ ٹریفک کو سائنسی طریقے سے کم کیا جا سکے۔
ان کا کہنا تھا: ‘کچھ دن پہلے ہم نے سری نگر شہر کے تمام متعلقین کے ساتھ ایک میٹنگ کی۔ تجاویز مرتب کر کے حکومت کو پیش کر دی گئی ہیں۔ اس کے بعد ہی عمل درآمد ہو گا، تاکہ ٹریفک کو سائنسی طریقے سے کم کیا جا سکے’۔