پیر, ستمبر ۲۹, ۲۰۲۵
26 C
Srinagar

لداخ: لیفٹیننٹ گورنر نے سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی

سری نگر: مرکزکے زیر انتظام علاقہ لداخ کے لیفٹیننٹ گورنر کویندر گپتا نے پیر کو لداخ کی سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی۔

واضح رہے کہ لداخ کے ضلع لیہہ میں 24 ستمبر کو ریاستی درجے اور آئین کے چھٹے شیڈول کے مطالبوں کے حق میں تشدد مظاہرے ہوئے تھے جس میں 4 افراد کی موت اور درجنوں زخمی ہوئے تھے اور اس کے بعد حکام نے ضلع میں کر فیو نافذ کیا تھا۔

لیفٹیننٹ گورنر لداخ کے دفتر کے ‘ایکس’ ہینڈل پر پیر کو ایک پوسٹ میں کہا گیا: ‘لیفٹیننٹ گورنر کویندر گپتا نے لداخ کی سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی’۔

ذرائع کے مطابق اس دوران انہوں نے لیہہ میں تازہ سکیورٹی کے منظر نامے کا جائزہ لیا اور میٹنگ میں موجود افسران پر کوآرڈینیشن اور عوامی تحفظ کو یقینی بنانے پر زور دیا۔

یہ لیفٹیننٹ گورنر کی گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران لیہہ سکیورٹی صورتحال پر ہونے والی دوسری میٹنگ ہے۔
انہوں نے اتوار کے روز بھی لداخ کے سرحدی ضلع لہیہ میں سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا اور متعلقہ محکموں اور سکیورٹی ایجنسیوں پر زور دیا کہ وہ چوکسی، قریبی ہم آہنگی اور عوامی سلامتی کو اپنی اولین ترجیح بنائیں۔
دریں اثنا لیہہ میں پیر کو مسلسل چھٹے روز بھی کرفیو جیسی پابندیاں نافذ رہیں۔
حکام نے بتایا کہ کرفیو زدہ علاقوں میں صورتحال بدستور پرامن ہے اور کہیں سے بھی کوئی ناخوشگوار واقعہ رپورٹ نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ پولیس اور نیم فوجی دستے حساس علاقوں میں مضبوطی کے ساتھ تعینات ہیں اور امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے سخت نگرانی کر رہے ہیں۔

Popular Categories

spot_imgspot_img