اقوام متحدہ،: ہندوستان نے ہفتہ کے روز اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف کی تقریر کو ‘بے تکی ڈرامہ بازی’ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پڑوسی ملک نے ایک بار پھر دہشت گردی کی درپردہ حمایت کی ہے جو اس کی خارجہ پالیسی کا اہم ہتھیار بن چکی ہے۔
آپریشن سندور کے دوران پاکستانی افواج کی بہادری اور ہندوستان کو نقصان پہنچانے کے مسٹر شریف کے دعووں پر طنز کرتے ہوئے، ہندوستان نے کہا ‘اگر تباہ حال رن وے اور جلے ہوئے ہینگرز جیت کی مانند لگتے ہیں ، جیسا کہ وزیر اعظم نے دعوی کیا ہے، تو پاکستان ان سے لطف اندوز ہو سکتا ہے۔’
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پاکستانی وزیر اعظم کی تقریر پر جواب کا حق استعمال کرتے ہوئے، ہندوستانی سفارت کار پیٹل گہلوت نے ایوان کے اسپیکر کو مخاطب کرتے ہوئے سخت ردعمل ظاہر کیا اور کہا ‘آج صبح اس ایوان نے پاکستان کے وزیر اعظم کی ایک بے تکی ڈرامہ بازی دیکھی، جس نے ایک بار پھر دہشت گردی کی درپردہ حمایت کی، جو ان کی خارجہ پالیسی کا مرکز ہے۔’ محترمہ گہلوت نے کہا کہ اگر پاکستان واقعی ایماندار ہے تو اسے دہشت گردانہ کارروائیوں اور دہشت گردوں کو پناہ دینا بند کر کے مطلوبہ دہشت گردوں کو ہندوستان کے حوالے کرنا چاہیے۔
محترمہ گہلوت نے کہا کہ پاکستان جو کہ اپنی مذہبی جنونیت اور بنیاد پرست سوچ کے لیے جانا جاتا ہے، ہندوستان کے ہندوتوا کے بارے میں کچھ بھی کہنا اسے زیب نہیں دیتا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان دہشت گردی کو قطعی طور پر برداشت نہ کرنے کے لیے پرعزم ہے اور وہ اپنی کارروائیوں میں دہشت گردوں اور ان کے حامیوں کے درمیان فرق نہیں کرے گا اور نہ ہی جوہری بم کے خطرے ڈرے گا۔
یو این آئی