جھارسوگُڑا (اُڈیشہ)،: وزیراعظم نریندر مودی نے ہفتہ کے روز منعقدہ ایک پروگرام کے دوران 60,000 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے متعدد ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا اور سنگِ بنیاد رکھا۔
یہ منصوبے ٹیلی کمیونیکیشن، ریلویز، اعلیٰ تعلیم، صحت خدمات، ہنر مندی کے فروغ اور دیہی مکانات وغیرہ جیسے شعبوں سے متعلق ہیں۔ پروگرام میں اُڈیشہ کے گورنر ہری بابو کمبھم پتی، وزیراعلیٰ موہن چرن ماجھی، قبائلی امور کے مرکزی وزیر جُوال اوراؤں اور دیگر معزز شخصیات شریک ہوئیں۔
وزیراعظم مودی نے ٹیلی کمیونیکیشن نیٹ ورک میں ہندوستان کی جدید ٹیکنالوجی کی ترقی کی صلاحیت کو ظاہر کرنے والی سودیشی ٹیکنالوجی سے تیار اور ملک کے مختلف حصوں میں نصب 97,500 سے زائد موبائل 4G ٹاوروں کا افتتاح کیا۔ اس منصوبے کی لاگت تقریباً 37,000 کروڑ روپے ہے۔ ان میں بی ایس این ایل کی جانب سے نصب کردہ 92,600 سے زائد 4G سائٹس شامل ہیں اور ان کی فنڈنگ ’ڈیجیٹل بھارت ندھی‘ کے تحت کی گئی ہے۔
یہ ٹاور 18,900 سے زائد 4G سائٹس پر نصب کئے گئے ہیں اور ان کے ذریعے دُور دراز، سرحدی اور بائیں بازو کی انتہا پسندی سے متاثرہ علاقوں کے تقریباً 26,700 دیہات کو 4G نیٹ ورک سے جوڑا گیا ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ اس سے مزید 20 لاکھ سے زیادہ نئے صارفین کو سروس فراہم کی جا سکے گی۔ یہ ٹاور شمسی توانائی سے چلتے ہیں، جو انہیں ہندوستان کی گرین ٹیلی کام سائٹس کا سب سے بڑا کلسٹر بناتے ہیں اور یہ پائیدار انفراسٹرکچر کی طرف ایک اہم قدم ہے۔
اس کے علاوہ وزیراعظم مودی نے یہاں سے کئی اہم ریل منصوبوں کا سنگِ بنیاد رکھا اور قوم کے نام وقف کیا۔ ان میں سمبل پور-سرلا ریل فلائی اوور کا سنگِ بنیاد، کوراپُٹ-بیگُوڈا لائن کے دوہرے ٹریک اور منابار-کوراپُٹ-گورپور لائن کو قوم کے نام وقف کرنا شامل ہے۔ وزیراعظم نے برہام پور اور اُدھنا (سورت) کے درمیان امرت بھارت ایکسپریس کو بھی ہری جھنڈی دکھا کر اس ریل سروس کا آغاز کیا۔
یو این آئی
