پیر, ستمبر ۲۹, ۲۰۲۵
26 C
Srinagar

جموں پولیس نے اندھے قتل کیس کو بے نقاب کرکے شوہر کو گرفتار کیا

جموں: جموں پولیس نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرکے ایک ایسے اندھے قتل کیس، جس کو ابتدائی طور پر قدرتی موت کے طور پر پیش کیا گیا تھا، کو بے نقاب کرکے شوہر کو گرفتار کیا ہے۔

ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ 26 ستمبر 2025 کو سبینہ سونوار دختر اکبر خان ساکن ڈھوال والی گلی نئی بستی جموں نے اپنی بہن سمریتی سونوار زوجہ تیج پال سنگھ ولد سبھاش سنگھ ساکلن منگنار، ضلع پونچھ حال ترکوٹہ نگر ایکسٹنشن جموں، کی مشکوک موت کے بارے میں تحریری شکایت درج کرائی۔

انہوں نے کہا: ‘شکایت کنندہ نے بتایا کہ 26 اگست کو اس کے بہنوی تیج پال سنگھ نے اپنی بیوی کو مبینہ طور پر علاج کے لئے لے گئے لیکن اگلے دن یعنی 27 اگست کو وہ اس کی لاش لے کر واپس آئے اور اس کی شاستری نگر شمشان گھاٹ میں جلد بازی میں آخری رسومات انجام دیں اور یہ کام پوسٹ مارٹم کرنے اور پولیس کو اطلاع دئے بغیر کیا گیا تاکہ ثبوت چھپایا جا سکے’۔

ان کا کہنا ہے: ‘شکایت کنندہ نے مزید الزام لگایا کہ مذکورہ خاتون پر ظلم کیا جاتا تھا، اس کی گردن پر مشکوک نشان موجود تھے اور دونوں کے درمیان نئے گھر کی خریداری پر مالی تنازعہ چل رہا تھا اور ان الزامات کی حمایت میں تصاویر بھی جمع کرائی گئیں’۔

پولیس ترجمان نے بتایا کہ اس شکایت پر پولیس سٹیشن باہو فورٹ میں بی این ایس کے دفعہ 103 کے تحت ایک ایف آئی آر زیر نمبر286/2025 درج کیا گیا اور تحقیقات شروع کی گئیں۔

انہوں نے کہا کہ اس دوران ایک تحقیقاتی ٹیم جس میں ایف ایس ایل ٹیم اور کرائم فوٹو گرافر شامل تھے، نے ملزم کے کرایے کے مکان کا معائنہ کیا اور متعلقہ شواہد جمع کئے اور گواہوں کے بیانات بھی قلمبند کئے۔
ان کا کہنا ہے کہ سائنسی تجزیے اور جمع شدہ شواہد کی بنیاد پر ملزم تیج پال سنگھ کو گرفتار کیا گیا اور اس کیس کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

 

Popular Categories

spot_imgspot_img