جمعرات, ستمبر ۱۸, ۲۰۲۵
21.7 C
Srinagar

اتراکھنڈ: موسم کا عتاب جاری، نندانگر میں شدید بارش، 6 مکان تباہ، 10 افراد لاپتہ

دہرادون،: اتراکھنڈ میں موسم کا قہر رکنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ پیر کے روز دہرہ دون میں زبردست بارش کے بعد جمعرات کی صبح چمولی ضلع کی نگر پنچایت نندانگر میں طوفانی بارش ہوئی، جس میں کل چھ مکانات منہدم ہو گئے جبکہ دس افراد لاپتہ ہیں۔ دو افراد کو زندہ بچا لیا گیا ہے۔

اسی کے ساتھ دھورما گاؤں میں بھی کئی مکان زمین بوس ہو گئے ہیں۔ یہاں دو افراد کے لاپتہ ہونے کی اطلاع ہے، جبکہ گرام سرپانی میں بھی دو افراد کے لاپتہ ہونے کی خبر ہے۔ اس طرح ابتدائی طور پر کل دس افراد کے لاپتہ ہونے کی اطلاع ملی ہے جس کی تصدیق کی جا رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے اس حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور امدادی ٹیموں کو فوری طور پر بچاؤ کارروائی کی ہدایت دی ہے۔ محکمۂ موسمیات نے ریاست کے کئی مقامات پر آج بھی شدید بارش کی وارننگ جاری کی ہے۔

ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ سینٹر، چمولی سے موصولہ اطلاع کے مطابق نگر پنچایت نندانگر کے وارڈ کنتری لگّا فالی میں شدید بارش کے بعد ملبہ گرنے سے چھ مکانات منہدم ہوگئے ہیں۔ اس حادثے میں چھ افراد کے لاپتہ ہونے کی خبر ہے جبکہ دو کو بچا لیا گیا ہے۔ اسی دوران ننداناگر تحصیل کے دھورما گاؤں میں بھی شدید بارش کی وجہ سے 4-5 مکانات کے نقصان کی اطلاع ہے، تاہم ابتدائی طور پر کسی جانی نقصان کی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ موکش ندی کا پانی اچانک بڑھ گیا ہے۔

دوسری جانب بھارتی محکمۂ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آج دہرہ دون اور ہری دوار کے مختلف مقامات جیسے منگلور، جولاپور، بھگوان پور، دویوالا، لچھھیوالا، ہر برٹ پور، سدھووالا، سیلاکوئی، کلیمنٹ ٹاؤن، سہسپور اور ان کے آس پاس کے علاقوں میں بھاری بارش، گرج چمک اور طوفان کے ساتھ شدید سے بہت شدید بارش کا امکان ہے۔ اسی طرح دہرہ دون، ہری دوار، پاؤڑی گڑھوال اور ٹہری گڑھوال کے کئی مقامات پراوسط بارش، گرج چمک اورشدید سے بہت شدید بارش کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

UNI

Popular Categories

spot_imgspot_img