ہفتہ, ستمبر ۶, ۲۰۲۵
17.3 C
Srinagar

لداخ میں جنوبی کوریا کے کوہ پیما کی موت، فوج نے جرات مندانہ شبانہ ریسکیو آپریشن انجام دیا

سری نگر،: لداخ یونین ٹریٹری میں کوہ پیمائی مہم کے دوران بیمار پڑنے سے جنوبی کوریا سے تعلق رکھنے والے ایک کوہ پیما کی موت واقع ہوئی جبکہ دوسرا شدید علیل ہے۔
فوج نے کہا کہ جنوبی کوریا سے تعلق رکھنے والے دو شہری گذشتہ روز لداخ کی ایک الگ تھلگ چوٹی کونگ مارولا کے قریب شدید بیمار ہوگئے جس کے بعد رات کو ہی اس اونچائی پر بچاؤ آپریشن کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ لیہہ میں واقع فائر اینڈ فیوری کور کے آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹروں نے 4 ستمبر کو ایک غیر تیار شدہ جگہ سے ایک مشکل ریسکیو آپریشن انجام دیا۔
ان کا کہنا ہے کہ کوہ پیماؤں کو فوری علاج و معالجے کے لیے لیہہ کے سونم نوربو میموریل اسپتال منتقل کیا گیا۔
فوج نے بتایا کہ ڈاکٹروں کی بروقت مداخلت کے باوجود ایک کوہ پیما زندہ نہ بچ سکا۔
فوج کی فائر اینڈ فیور کور نے ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ میں کیا: ‘4 ستمبر 2025 کو، کوہ پیمائی کی مہم کے دوران، دو جنوبی کوریائی شہری لداخ کی ایک الگ تھلگ چوٹی کونگ مارولا کے قریب شدید بیمار ہو گئے۔ فائر اینڈ فیوری کور کے آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹروں نے رات کو ایک غیر تیار شدہ جگہ سے 1700 فٹ کی اونچائی پر ریسکیو آپریشن انجام دیا اور بیمار کوہ پیمائوں کو علاج کے لئے ایس این ایم اسپتال پہنچایا’۔
فائر اینڈ فیوری کور ایک کوہ پیما کے خاندان کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کرتی ہے جو بدقسمتی سے اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔
قابل ذکر ہے کہ فوج نے لداخ میں اکثراس طرح کے اعلی خطرے والے انسانی مشن انجام دیے ہیں، جہاں انتہائی اونچائی اکثر مہم جوؤں کو خطرے میں ڈال دیتی ہے۔
گذشتہ ہفتے، لداخ میں ماؤنٹ نون پر چڑھنے کی مہم اس وقت افسوسناک بن گئی جب 26 اگست کی رات کو شدید برف باری نے کمل مونڈل کی جان لے لی، جو ساؤتھ ایسٹرن ریلوے کے ایک اسسٹنٹ ویجیلنس افسر تھے۔

Popular Categories

spot_imgspot_img