جمعرات, ستمبر ۴, ۲۰۲۵
25.1 C
Srinagar

جی ایس ٹی شرح میں کمی سے عوام و کاروباری طبقے میں شادمانی، کسانوں نے فیصلہ قرار دیا خوش آئند

سری نگر،:مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن کی جانب سے اشیائے صرف اور زرعی ساز و سامان پر جی ایس ٹی شرح میں کمی کے اعلان نے عام لوگوں، تاجروں اور کسانوں کے لئے راحت و فرحت کا سامان فراہم کیا ہے۔

ماہرین اقتصادیات کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے مہنگائی میں کمی آئے گی، عام آدمی کی جیب پر بوجھ کم ہوگا اور معیشت میں ایک نئی جان پیدا ہوگی۔

مرکزی حکومت نے جی ایس ٹی کونسل کی سفارشات کو منظور کرتے ہوئے روزمرہ استعمال کی کئی اشیاء، خاص طور پر کھاد، زرعی مشینری، برقی آلات اور کچھ اشیائے خوردنی پر ٹیکس کی شرح میں کمی کر دی ہے۔

اس سے قبل کسان اور تاجر تنظیمیں مسلسل حکومت سے یہ مطالبہ کر رہی تھیں کہ زرعی پیداوار اور روزمرہ کی اشیاء پر عائد بھاری جی ایس ٹی سے کسان اور صارفین گوناگوں مشکلات سے دوچار ہیں۔

وسطی کشمیرسے تعلق رکھنے والے ایک کسان غلام نبی ڈار نے اس فیصلے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا: ‘ہم کھاد اور بیج پرعائد جی ایس ٹی کی وجہ سے کافی پریشان تھے۔ اب شرح کم ہونے سے ہماری لاگت میں فرق پڑے گا اور ہمیں کچھ سکون ملے گا۔ یہ کسانوں کے حق میں بڑا قدم ہے’۔

پلوامہ کے ایک اور کسان محمد اشرف لون نے کہا: ‘جی ایس ٹی کے بوجھ سے ہماری آمدنی متاثر ہو رہی تھی۔ وزیر خزانہ کا یہ فیصلہ ہمارے لئے راحت کا باعث ہے۔ اگر حکومت اسی طرح زرعی سیکٹر کو ترجیح دیتی رہی تو کھیتی باڑی میں دوبارہ دلچسپی بڑھے گی اور یہ ایک بار پھر روز گار کا بہت بڑا ذریعہ بن جائے گا’۔

بارہمولہ کے ایک نوجوان کسان سجاد احمد نے کہا: ‘ہمیں کھیتوں میں کام کرنے کے لئے جو ٹریکٹر اور پمپ سیٹ خریدنے پڑتے ہیں، ان پر ٹیکس زیادہ تھا۔ اب شرح کم ہونے سے کسان جدید مشینری لینے اور اس کا بھر پور استعمال کرنے کے قابل ہوں گے، اس طرح نہ صرف ہماری پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا بلکہ دیہی معیشت کو بھی استحکام ملے گا’۔

ماہرین کے مطابق اس فیصلے کا سب سے بڑا فائدہ مہنگائی کے دباؤ کو کم کرنا ہوگا۔ صارفین کو روزمرہ کا سامان سستا ملنے کا امکان ہے، جبکہ تاجروں کو بھی اپنی لاگت کم ہونے سے مارکیٹ میں تیزی دیکھنے کو ملے گی۔

عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ حکومت کے اس نوعیت کےعوام دوست اقدامات کرنے سے جہاں ایک طرف مہنگائی پر قابو پایا جا سکتا ہے وہیں معاشی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔

Popular Categories

spot_imgspot_img