سری نگر: انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی) کشمیر وی کے بردی نے جمعرات کو کہا کہ پولیس، ایس ڈی آر ایف، این ڈی آر ایف، فوج اور دیگر محکموں کی مشترکہ ٹیمیں سیلاب کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے کمزور علاقوں میں دن رات گشت کر رہی ہیں۔
انہوں نے یہاں میڈیا کو بتایا: ‘جہاں بھی پانی کے اخراج کی اطلاع ملتی ہے، صورتحال پر قابو پانے اور کسی بھی نقصان کو روکنے کے لیے فوری طور پر خصوصی ٹیمیں وہاں تعینات کی جاتی ہیں’۔
ان کا کہنا ہے کہ ہر علاقے کی نگرانی کے لیے مشترکہ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جہاں بھی ایسے مسائل پیدا ہوتے ہیں، ہم ان کے حل کے لیے سیلاب اور آبپاشی کے محکموں اور دیگر اداروں کے ساتھ مل کر کام کرتے ہیں۔
آئی جی پی نے کہا کہ سکیورٹی فورسز اور ریسکیو ایجنسیوں کو انخلاء، قبل از وقت وارننگ اور لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے متحرک کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا: ‘یہ تمام اقدامات تیز رفتاری سے کیے جا رہے ہیں۔ چونکہ پانی کی سطح کم ہونے لگی ہے، ہمیں امید ہے کہ آنے والے گھنٹوں میں صورتحال مزید بہتر ہو جائے گی’۔