سری نگر،: جموں و کشمیر لیکس کنزرویشن اینڈ منیجمنٹ اتھارٹی (ایل سی ایم اے) نے دریائے جہلم میں موجودہ پانی کی سطح کو دیکھتے ہوئے ڈل جھیل کے مکینوں اور ہاؤس بوٹ مالکان کیلئے ایڈوائزری جاری کی ہے۔
اتھارٹی کے مطابق دریائے جہلم کی سطح خطرے کے نشان 21 فٹ کو عبور کر چکی ہے۔ پانی کے اس اضافے کو کنٹرول کرنے کیلئے رام منشی باغ کے گیٹ کو کسی بھی وقت کھولا جا سکتا ہے، جو ہنگامی اقدامات کا حصہ ہوگا۔ اس گیٹ کے کھلنے سے ڈل جھیل میں پانی کی سطح مزید بڑھنے کا امکان ہے، جو فی الوقت 10.5 فٹ ریکارڈ کی گئی ہے۔
’ایل سی ایم اے‘ نے واضح کیا ہے کہ جھیل میں پانی کی سطح میں یہ اضافہ ڈل مکینوں اور ہاؤس بوٹ مالکان کیلئے مشکلات کا باعث بن سکتا ہے۔ اس لئے جھیل کے اطراف رہائش پذیر تمام افراد کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال کے پیش نظر تیار رہیں۔
اتھارٹی نے مکینوں سے کہا ہے کہ وہ صورتحال پر کڑی نظر رکھیں اور اگر ضرورت پڑے تو سری نگر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے قائم کردہ ریلیف مراکز کی جانب منتقل ہو جائیں۔ عوام سے یہ بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ حکام کے ساتھ تعاون کریں تاکہ ممکنہ خطرات سے محفوظ رہ سکیں۔
