بدھ, ستمبر ۳, ۲۰۲۵
16.4 C
Srinagar

جموں وکشمیر میں تباہ کن بارشیں ،ٹنل کے آر پار سیلابی صورتحال،عوام میں تشویش ،اسکول ،کالج اور یونیورسٹیاں بند

نیوزڈیسک

جموں وکشمیر میں گزشتہ روز سے جاری مسلسل بارشوں کے نتیجے میں ٹنل کے آر پار سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی۔انتظامیہ نے ہائی الرٹ جاری کردیا ہے ۔احتیاطاً جموں وکشمیر میں اسکول ،کالج ارو یونیورسٹیاں بند کردی گئیں ۔جبکہ بعض پر خطر علاقوں سے لوگوں کو محفوظ مقامات کی طرف منتقل کردیا گیا ۔

جموں: توی اور چناب میں پانی کی سطح خطرے کے نشان سے اوپر

 مسلسل اور موسلا دھار بارش نے جموں صوبے کے تمام ندی نالوں میں طغیانی سی صورتحال پیدا کر دی ہے اور توی، چناب، بسنتر اور اُجھ ندیوں میں پانی کی سطح ایک بار پھر سیلاب کے خطرے کے نشان سے تجاوز کر گئی ہے۔
حکام کے مطابق جموں میں گذشتہ 9 گھنٹوں کے دوران 81 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ ریاسی میں 203 ملی میٹر، کٹرہ میں 193 ملی میٹر، سامبہ میں 48 ملی میٹر، رام بن میں 82 ملی میٹر، بھدرواہ میں 96.2 ملی میٹر، بٹوٹ میں 157.3 ملیمیٹر، ڈوڈہ میں 114 ملی میٹر، کشتواڑ میں 50 ملی میٹر،بانہال میں 95 ملی میٹر، راجوری میں 57.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔
سری نگر میں گذشتہ 9 گھنٹوں کے دوران 32 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ وادی کے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں 55 ملی میٹر اور کوکوناگ میں 68.2 ملی میٹر اور گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہو قصبہ قاضی گنڈ میں 68 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔
حکام نے بتایا کہ این ڈی آر ایف کے جوانوں کی ٹیمیں توی پل پر تعینات ہیں، جو لوگوں کو دریا میں پانی کی سطح کے بارے میں خبردار کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اکھنور کے مقام پر دریائے چناب کے پانی کی سطح بھی سیلاب کے خطرے کے نشان سے تجاوز کر گئی ہے اور اب انخلاء کے نشان سے بمشکل نیچے ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ اسی طرح سانبہ ضلع میں دریائے بسنتر اور کٹھوعہ ضلع میں دریائے اُجھ بھی سیلاب کے نشان کو عبور کرچکے ہیں۔
وادی میں، پہلگام میں شیش ناگ ندی اور کولگام ضلع میں وشو ندی نے سیلاب کے نشان کو عبور کر لیا ہے۔
دریں اثنا خراب موسمی صورتحال کے پیش نظر حکام نے وادی کشمیر میں آج یعنی بدھ کو کالج اور اسکول بند رکھنے کا حکم دیا ہے جبکہ کشمیر یونیورسٹی اور کلسٹر یونیوسرٹی نے امتحانات بھی ملتوی کر دئے ہیں۔

جموں میں تباہ کن بارشیں، توی اور چناب سمیت کئی دریا خطرے کے نشان سے اوپر، تعلیمی ادارے بند

 جموں و کشمیر کے صوبہ جموں میں لگاتار بارشوں کے نتیجے میں تمام بڑے دریاوں اور ندی نالوں میں طغیانی آئی ہوئی ہیں۔ توی، چناب، بسنتَر اور اوجھ دریا کا پانی خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہا ہے۔ انتظامیہ نے جموں شہر میں لاؤڈ اسپیکروں کے ذریعے لوگوں کو متنبہ کیا ہے کہ وہ ندی نالوں کے نزدیک جانے سے گریز کریں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق منگل کی رات ساڑھے آٹھ بجے سے بدھ کی صبح ساڑھے پانچ بجے تک ریکارڈ کی گئی بارش میں ریاسی میں 203 ملی میٹر، کٹرا میں 193 ملی میٹر، بٹوٹ میں 157.3 ملی میٹر، ڈوڈہ میں 114 ملی میٹر، بانہال میں 95 ملی میٹر، بھدرواہ میں 96.2 ملی میٹر، جبکہ جموں شہر میں 81 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ دیگر اضلاع میں بھی بارشوں کی وجہ سے صورتِ حال سنگین بنی ہوئی ہے۔
انتظامیہ نے حفاظتی اقدامات کے طور پر صوبہ جموں کے تمام اسکول، ڈگری کالج اور کوچنگ مراکز بند کر دیے ہیں۔ جموں-سری نگر قومی شاہراہ، مغل روڈ اور سنتھن ٹاپ پر ٹریفک بند کر دیا گیا ہے، جبکہ جگہ جگہ پسیاں گرنے اور پتھروں کے کھسکنے کے واقعات سامنے آئے ہیں۔
توی دریا کا پانی ادھم پور میں انخلا کے نشان سے اوپر نکل گیا ہے اور جموں شہر میں بھی خطرے کی سطح عبور کر گیا ہے۔ نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس (این ڈی آر ایف) کی ٹیمیں توی پل پر تعینات ہیں جو لوگوں کو بیدار کر رہی ہیں۔ چناب دریا میں اکھنور کے مقام پر پانی کی سطح بھی خطرے کے نشان سے اوپر ہے اور انخلا کے نشان کے قریب پہنچ چکی ہے۔ اسی طرح سانبہ کے بسنتَر اور کٹھوعہ کے اوجھ دریا نے بھی خطرے کی سطح عبور کر لی ہے۔
وادی کشمیر میں بھی صورتحال مختلف نہیں ہے۔ پہلگام میں شیش ناگ نالہ اور کولگام میں ویشو نالہ میں پانی کی سطح خطرے کے نشان سے اوپر ہے۔ اگرچہ دریائے جہلم میں سنگم (اننت ناگ) اور رام منشی باغ (سرینگر) پر پانی کی سطح فی الحال خطرے کے نشان سے نیچے ہے، تاہم مسلسل بارش کے باعث خدشات برقرار ہیں۔
ٹریفک پولیس نے مشورہ دیا ہے کہ مسافر فی الحال جموں-سری نگر قومی شاہراہ پر سفر نہ کریں۔ محکمہ موسمیات نے اگلے 12 گھنٹوں کے دوران جموں، کٹھوعہ، ریاسی، ڈوڈہ، ادھم پور، راجوری اور رام بن میں شدید بارش اور نشیبی علاقوں میں اچانک سیلاب، مٹی کے تودے، اور زمین کھسکنے کے خدشے کا انتباہ جاری کیا ہے۔

خراب موسمی صورتحال: کشمیر یونیورسٹی اور کلسٹر یونیورسٹی کے آج کے امتحانات ملتوی

 ناساز گار موسمی صورتحال کے پیش نظر کشمیر یونیورسٹی اور کلسٹر یونیورسٹی سری نگر نے آج یعنی بدھ کو ہونے والے تمام امتحانات ملتوی کر دئے ہیں۔
کشمیر یونیورسٹی اور کلسٹر یونیورسٹی کے حکام نے بتایا کہ خراب موسمی صورتحال کے پیش نظر 3 ستمبر یعنی بدھ کو ہونے والے تمام امتحانات ملتوی کر دیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان پرچوں کے امتحانات کی نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
قبل ازیں صوبائی کمشنر کشمیر نے طلبا اور عملے کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے کشمیر میں کالج اور اسکول بند رکھنے کا حکم دیا ہے۔
واضح رہے کہ جموں وکشمیر میں گذشتہ 12 گھنٹوں سے موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس سے کئی علاقوں میں ایک بار پھر سیلابی صورتحال پیدا ہوئی ہے۔

سری نگر کے تیل بل میں سیلابی صورتحال، ٹریفک متاثر، لوگ گھروں میں محصور

 لگاتار بارشوں کے نتیجے میں سری نگر کے مضافاتی علاقے تیل بل میں نالہ میں آئی طغیانی سے مقامی آبادی کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ نالہ کے اُبلنے سے خواجہ باغ کا رہائشی علاقہ مکمل طور پر زیرِ آب آگیا اور پانی گھروں میں داخل ہو گیا ہے۔
مقامی لوگوں کے مطابق اچانک طغیانی آنے کے بعد لوگ اپنے مکانوں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں اور انہیں نقل مکانی کا موقع بھی نہیں مل سکا۔ علاقے میں خوف و ہراس کی فضا پائی جاتی ہے کیونکہ مسلسل پانی کی سطح بڑھ رہی ہے۔
ادھر تیل بل نالہ کی طغیانی نے زکورہ-شالیمار شاہراہ پر ٹریفک کو بھی بری طرح متاثر کر دیا ہے، جس سے عام لوگوں کو آمد و رفت میں شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ کئی گاڑیاں پانی میں پھنس گئیں جس کے بعد راہگیروں کو حرکت میں آنا پڑا۔
مقامی رہائشی غلام حسن ڈار نے بتایا کہ ’نالہ میں پانی کی سطح اچانک اتنی تیزی سے بڑھی کہ ہمیں سنبھلنے کا بھی موقع نہیں ملا۔ چند ہی منٹوں میں پانی گھروں میں گھس آیا اور پورا علاقہ جھیل جیسا منظر پیش کرنے لگا۔‘
حکام نے بتایا کہ متاثرہ علاقے میں صورتِ حال پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے اور اگر پانی کی سطح مزید بڑھی تو ریسکیو ٹیموں کو حرکت میں لایا جائے گا تاکہ لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا سکے۔

وادی میں موسلا دھار بارشیں: پلوامہ اور واتھورہ میں سیلابی صورتحال، لوگ محفوظ مقامات کی اور منتقل

 وادی کشمیر میں لگاتار جاری موسلا دھار بارشوں کے نتیجے میں ندی نالوں میں پانی کی سطح خطرے کے نشان سے اوپر جا رہی ہے، جس کے باعث کئی علاقوں میں شدید سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں نالہ رمشی میں طغیانی آنے کے بعد تیکہ بل اور ٹینگہار سمیت متعدد دیہات زیرِ آب آگئے ہیں۔ مقامی مکینوں نے بتایا کہ پانی رہائشی مکانوں میں داخل ہو گیا ہے جس سے جانی و مالی نقصان کا اندیشہ بڑھ گیا ہے۔ اسی دوران نیوہ کالونی میں جمع پانی نے سرینگر-پلوامہ سڑک کو بری طرح متاثر کیا ہے، جس سے آمد و رفت کا نظام درہم برہم ہوگیا ہے۔
پلوامہ اور اننت ناگ اضلاع میں بھی کئی علاقوں کے زیرِ آب آنے کی خبریں موصول ہوئی ہیں، جہاں لوگوں کو محفوظ مقامات کی طرف منتقل کیا جا رہا ہے۔
دریں اثنا وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام کے واتھورہ چاڈورہ علاقے میں بھی شدید طغیانی کے بعد بستیاں زیرِ آب آگئیں۔ مقامی لوگوں کے مطابق نزدیکی نالہ میں اچانک پانی کی سطح میں اضافہ ہوا اور چند منٹوں کے اندر ہی پانی رہائشی بستیوں میں داخل ہوگیا، جس کے نتیجے میں لوگ گھروں میں محصور ہو گئے اور بعد ازاں نقل مکانی پر مجبور ہوئے۔
ادھر انتظامیہ نے کہا ہے کہ ریسکیو ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں روانہ کی گئی ہیں اور لوگوں کو محفوظ مقامات تک پہنچانے کے لیے ہنگامی اقدامات جاری ہیں۔

خراب موسمی صورتحال: صوبائی کمشنر کشمیر کی لوگوں سے احتیاط کرنے کی اپیل

صوبائی کمشنر کشمیر انشول گرگ نے موجودہ موسمی صورتحال کے پیش نظر لوگوں کو احتیاط برتنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ کی فیلڈ ٹیمیں صورتحال کی کڑی نگرانی کر رہی ہیں۔
انہوں نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ دریائوں، ندی نالوں اور دیگر آبی ذخائر کے نزدیک جانے سے اجتناب کریں۔
موصوف صوبائی کمشنر نے کہا: ‘کشمیر میں موجودہ موسمی صورتحال کے باعث آبی ذخائر میں پانی کی سطح بڑھ رہی ہے اور آئی ایم ڈی کے مطابق یہ موسمی صورتحال دوپہر تک جاری رہنے کا امکان ہے’۔
انہوں نے کہا: ‘انتظامیہ کی فیلڈ ٹیمیں صورتحال کی نگرانی کر رہی ہیں’۔
صوبائی کمشنر نے لوگوں سے الرٹ رہنے اور دریائوں، ندی نالوں اور دیگر آبی ذخائر کے نزدیک جانے سے اجتناب کرنے کی اپیل کی ہے۔
انہوں نے لوگوں سے ایمرجنسی کی صورتحال میں 112/6005953255 پر کال کرنے کو کہا ہے۔

راجوری میں مکان کی دیوار گرنے سے ماں بیٹی جاں بحق

 جموں و کشمیر کے ضلع راجوری کے سندربنی تحصیل کے تانڈا کانگری علاقے میں موسلادھار بارش کے باعث مکان کی دیوار گرنے سے ایک خاتون اور ان کی بیٹی جاں بحق ہوئی ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ یہ دلخراش واقعہ 2 اور 3 ستمبر کی درمیانی رات پیش آیا، جب رتن لعل کی اہلیہ سیتا دیوی اور ان کی بیٹی سونیا رتن لعل اپنے مکان کے اندر موجود تھیں۔ اچانک مکان کی دیوار منہدم ہوگئی جس کے نتیجے میں دونوں ملبے کے نیچے دب کر موقع پر ہی ہلاک ہو گئیں۔
اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیم جائے حادثہ پر پہنچ گئی اور سخت جدوجہد کے بعد دونوں کی لاشوں کو باہر نکالا۔ حکام کے مطابق یہ حادثہ علاقے میں جاری لگاتار بارشوں کا نتیجہ ہے۔
پولیس نے معاملے کی جانچ شروع کر دی اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔

کشمیر میں آج کالج اور اسکول بند رہیں گے

خراب موسمی صورتحال کے پیش نظر حکام نے وادی کشمیر میں بدھ کو تمام کالج اور سرکاری و غیر سرکاری اسکول بند رکھنے کا حکم جاری کیا ہے۔
صوبائی کمشنر کشمیر کی طرف سے جاری ایک حکمنامے میں کہا گیا کہ ناساز گار موسمی صورتحال کے پیش نظر کشمیر میں آج یعنی بدھ کو تمام کالج اور اسکول احتیاطی طور پر بند رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ طلبا اور عملے کے تحفظ کے پیش نظر لیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ جموں وکشمیر میں گذشتہ 12 گھنٹوں سے موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس سے کئی علاقوں میں ایک بار پھر سیلابی صورتحال پیدا ہوئی ہے۔حکام نے لوگوں سے احتیاط برتنے کی تاکید کی ہے۔

تفصیلات بشمول یو این آئی

Popular Categories

spot_imgspot_img