جموں، 30 اگست: جموں و کشمیر کے ضلع رام بن کے ایک دور افتادہ گاؤں میں بادل پھٹنے سے چار افراد کی موت واقع ہوئی ہے جبکہ ایک شخص لاپتہ ہے۔
ضلع مجسٹریٹ رام بن کے ‘ایکس’ ہینڈل پر ایک پوسٹ میں کہا گیا کہ رات کو اطلاع ملنے پر، ڈی سی رام بن محمد الیاس خان اور ایس ایس پی ارون گپتا ایس ڈی آر ایف اور کیو آر ٹی کی ٹیم کے ساتھ فوری طور پر جائے موقع پر پہنچ گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈی سی ذاتی طور پر بچاؤ اور راحت کے کاموں کی نگرانی کر رہے ہیں۔پوسٹ میں کہا گیا کہ ضلعی انتظامیہ ہائی الرٹ پر ہے اور متاثرہ خاندانوں کی ہر ممکن مدد کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس واقعے میں 3 جانیں ضائع ہوئی ہیں جبکہ 2 تاحال لاپتہ ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ علاقے میں ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
اس دوران ریسکیو ٹیموں کو ایک اور شہری کی لاش برآمد ہوئی ،اس طرح مرنے والوں کی تعداد چار تک پہنچ گئی جبکہ ایک شخص ہنوز لاپتہ ہے ۔
دریں اثنا مرکزی وزیر ڈاکٹر جیتندر سنگھ نے ‘ایکس’ پر اپنے ایک پوسٹ کہا کہ انہوں نے اس واقعے کے متعلق ڈی سی رام بن سے بات کی۔
انہوں نے کہا: ‘ابھی ابھی ڈی سی رام بن مسٹر محمد الیاس خان سے بات ہوئی راج گڑھ کے علاقے میں بادل پھٹنے کے نتیجے میں چار افراد کی موت ہو گئی پانچواں لاپتہ ہے جس کی تلاش جاری ہے،اس دوران کوئی زخمی نہیں ہوا ہے’۔
انہوں نے کہا کہ بچائو آپریشن جاری ہے اور ہر ممکن مدد کی جا رہی ہے۔